تنظیم انصاف کے یونٹوں کا اجلاس، جناب سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔2نومبر)سیاست نیوز) تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ قومی اور ریاستی سطح پر فرقہ پرست طاقتوں کی بڑھتی اجارہ داریوں کو روکنے کے لئے تنظیم انصاف تمام محاذوں پر اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے چودہ سے زائد نئے یونٹوں کے قیام کے سلسلے میںکالی قبرکے پاس منعقد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستان میںجہاں پر بھی انتخابات ہیں وہاں پر فرقہ وارانہ تشدد کے ذریعہ بی جے پی اور فرقہ پرست طاقتیں دوبارہ اقتدار میں آنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے ہمیں متحدہونے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی طبقات بالخصوص مسلم اقلیت حکومت کے اعلانات کے باوجود فلاحی اسکیمات سے محروم ہے۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میںاقلیتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو بھی عوام کے سامنے لانے کا اس موقع پر اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک میںحیدرآباد ایک ایسا شہر ہے جہاں پر بچہ مزدوری سب سے زیادہ ہے ۔ انہوںنے بچہ مزدوری کے خلاف میںبھی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ مسلم اقلیت کو سودخوروں کے چنگل سے نکالنے کے لئے حکومت کے ڈاکرا گروپ کے متعلق حیدرآباد کے عوام میں شعور بیداری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ذریعہ تعلیم کو درست کرنے اور نظام تعلیم میں بڑھتی فرقہ پرستی کو روکنے کے لئے تنظیم انصاف اپنی جدوجہد میںشدت پیدا کریگی۔ اس موقع پر تنظیم انصاف کے قائدین خواجہ پاشاہ‘ مدثر‘ محمد رزاق‘ ایم اے علیم‘بابو خان اور خواتین کی کثیرتعداد موجود تھی۔