’’ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہندوستان کا ڈی این اے ‘‘

ملک میں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ، مختار عباس نقوی کی مسلم نمائندوں سے بات چیت

نئی دہلی۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کی ’’ملک گیر مہم نے رابطہ برائے تائید‘‘ کے ایک حصہ کے طور پر آج یہاں ہندوستان اسلامی تہذیبی مرکز کے سربراہ سراج الدین قریشی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم تعلیمی اداروں اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے مسلم نمائندے بھی موجود تھے۔ وزارت اقلیتی اُمور کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مختار عباس نقوی نے سراج قریشی اور دیگر افراد کی مشمولیاتی ترقی پر مبنی حکومت کے اقدامات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ہندوستان اور ساری دنیا میں امن و انسانیت کی ایک طاقتور آواز بن گئے ہیں۔ سماجی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری ہندوستان کا ڈی این اے ہے۔ نقوی نے کہا کہ ’’ہمارے اتحاد کے تانے بانے کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر کام کرنا چاہئے۔ ہندوستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں اور ان (اقلیتوں) کے سماجی، مذہبی و دستوری حقوق دنیا کے کسی بھی جمہوری ملک سے کہیں زیادہ یہیں (ہندوستان میں) محفوظ ہیں۔ مودی حکومت کے چار سال کی تکمیل پر گزشتہ ماہ رابطہ برائے تائید مہم ’’سمپرک فار سمرتھن‘‘ شروع کی گئی تھی۔ بی جے پی کے تقریباً 4,000 قائدین و کارکنان ان ایک لاکھ سے زائد افراد سے ربط پیدا کریں گے جو مختلف شعبوں میں ممتاز مقام اور شہرت کے حامل ہیں۔ ان افراد کو مودی حکومت کی طرف سے گزشتہ چار سال کے دوران کئے گئے اقدامات سے واقف کروایا جائے گا۔ نقوی نے مسلم نمائندوں کو جن دھن یوجنا، مورا یوجنا، غریب نواز کشل وکاس یوجنا، سیکھو اور کماؤ، بیگم حضرت محل گرلز اسکالرشپس جیسی مختلف سرکاری اسکیمات سے واقف کروایا۔