حیدرآباد ۔ 15 فبروری (پریس نوٹ) صدرنشین کل ہند مسلم سنگھم جناب خالد رسول خان نے ڈی جی پی سے ملاقات کرتے ہوئے عادل آباد میں پیش آئے فرقہ وارانہ تشدد و واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اے آئی ایم ایس کے وفد نے آج ڈی جی پی سے ملاقات کرکے ایک تحریری یادداشت پیش کی، جس میں کم آبادی والے مسلم علاقوں میں مسلمانوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے سخت صیانتی انتظامات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ وفد میں سنگھم کے قائدین میں مولانا سید حامد حسین شطاری اور نعیم اللہ شریف بھی موجود تھے۔ جناب خالد رسول خان نے کہا کہ عین انتخابات سے قبل فرقہ پرست نظریات کی حامل سیاسی جماعتیں اس قسم کے واقعات کے ذریعہ مسلمانوں میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش میں کئی ایسے دیہی علاقے ہیں جہاں پر مسلمانوںکی آبادی کا تناسب نہایت کم ہے اور وہاں کے مسلمان اس قسم کے فرقہ وارانہ واقعات کے بعد ڈر و خوف کے ماحول میں زندگی گذار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگھم اس قسم کے واقعات پر خاموش نہیں بیٹھے گا۔
انہوں نے فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ اور فرقہ پرستی کے ناسور کو ریاست آندھراپردیش میں پھیلنے سے روکنے کیلئے کل ہند مسلم سنگھم کی جانب سے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔