فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے میں سوشل میڈیا کا نمایاں رول : راجناتھ

موناکو ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے سائبر جرائم سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے کیلئے سوشل میڈیا کا بے تحاشہ استعمال ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچے بھی سائبر جرائم کا مساوی طور پر شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل نیٹ ورکس میں اضافہ نے خانگی استفادہ کنندگان کی معلومات کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ کیا ہے اور اس کا سرقہ یا بیجا استعمال کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ کے دوران انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعہ فرقہ وارانہ فسادات کو بھڑکانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا اس کا مقصد ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے انٹرپول جنرل اسمبلی اجلاس سے ہندی میں خطاب کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی وزیر نے بین الاقوامی فورم میں قومی زبان میں خطاب کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے ہندی میں خطاب کیا تھا۔