فرقہ وارانہ انتخابی مہم پر مودی اور شاہ پر ڈگ وجئے سنگھ کی تنقید

نئی دہلی / لکھنو 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے آج بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی اور ان کے قریبی با اعتماد ساتھی امیت شاہ پر ’’فرقہ وارانہ ‘‘انتخابی مہم ‘‘چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ امیت شاہ کے اعظم گڑھ کو دہشت گردوں کا اڈہ قرار دینے پر تحقیقات کروائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور شاہ ترقی کے ایجنڈہ سے پھر فرقہ پرست ایجنڈہ پر واپس ہورہے ہیں۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے ان سے خواہش کی کہ حکومت گجرات کی جانب سے اسیما نند اور پرگیا سنگھ کے زیر انتظام این جی اوز کو منظور کردہ امداد کے بارے میں وضاحت کریں جبکہ یہ دونوں بم دھماکہ مقدمہ کے ملزم ہیں۔ پرگیا سنگھ کا شبری آشرم اور اسیما آنند کی این جی او دونوں کو حکومت گجرات کی امداد حاصل ہورہی ہے جبکہ دونوں بم دھماکے مقدمات کے ملزم ہیں۔امیت شاہ بی جے پی کے امور یو پی اے انچارج ہیں۔ انہوں نے کل کہا تھا کہ اعظم گڑھ دہشت گردوں کا اڈہ ہے یہاں حکومت سے کسی کو خوف نہیںہے ۔ خود حکومت ہی دہشت گردوں کی رہائی کی تائید کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ گجرات بم دھماکوں کے ملزم اعظم گڑھ کے ہی تھے ۔ کانگریس قائد راشد علوی نے کہا کہ کسی مقام کے بارے میں ایسی کوئی بات کہنا بالکل غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ بی جے پی میں کس قسم کے سیاستداں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو اعظم گڑھ کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ امیت شاہ ہو یا کوئی اور یہ بالکل غلط بات ہے کہ اعظم گڑھ کے بارے میں اپنی رائے ظاہر کی جائے اور پورے شہر کو دہشت گردوں کا اڈہ اور یہںا کے تمام عوام کو دہشت گرد قرار دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل تعریف شہر ہے ۔ لکھنو سے موصولہ اطلاع کے بموجب اعظم گڑھ کے بارے میں تبصرہ پر امیت شاہ کی مذمت کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ اگر امیت شاہ کے پیمانے درست ہیں تو یہ کہنا بھی غلط نہیں ہوگا کہ گجرات کو ’’فرقہ پرستی کا اڈہ ‘‘قرار دیا جائے ۔بی ایس پی کی سربراہ نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن سماجوادی پارٹی قائد ابوعاصم اعظمی کے خلاف بھی تحقیقات کروائے ۔ جنہوں نے حال ہی میں ایک جلسہ کے دوران ’’ڈی این اے کا تبصرہ‘‘ کیا تھا۔مایاوتی نے کہا کہ وہ اس قسم کے ہر بیان کی مخالف ہیںجس سے مغربی اتر پردیش اور اعظم گڑھ میں نظم و قانون کی صورتحال بگڑ سکتی ہے اس لئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کررہی ہے کہ امیت شاہ کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کے یو پی میں داخلہ پر مکمل امتناع عائد کیا جائے ۔ مایاوتی نے مطالبہ کیا کہ یو پی میں باقی کے انتخابی مرحلوں کے مرکزی فورسس کافی تعداد میں تعینات کی جائیں اور ریاستی پولیس کو انتخابی عمل میں دور رکھا جائے ۔ اعظم گڑھ کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن کوتاہیوں کا مظاہر ہوچکا ہے باقی کے مرحلوں میں ان کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔