تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وزیر صحت لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآبادمیں فرضی ڈاکٹر س کے خلاف محکمہ صحت کی جانب سے کاروائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ان فرضی ڈاکٹرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر سی لکشما ریڈی نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ڈاکٹر عشرت اللہ خان کے خلاف کی گئی کاروائی کے متعلق بتاتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل کونسل کی جانب سے ڈاکٹر عشرت اللہ خان کا لائسنس دو سال کیلئے منسوخ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم بی بی ایس ڈگری رکھنے والے ڈاکٹرس کی جانب سے سرجری کے علاوہ غیر مجاز پریکٹس پر بھی کاروائی کی جا رہی ہے۔ رکن قانون ساز کونسل مسٹر ایم ایس پربھاکر کی جانب سے شہر میں فرضی ڈاکٹرس کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ دونوں شہروں میں فرضی ڈاکٹرس کی من مانی جاری ہے اور ان کی من مانی کے خلاف حکومت کے اقدامات کے متعلق انہوں نے استفسار کیا تھا جس پر ریاستی وزیر صحت نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں جاری فرضی ڈاکٹر کی پریکٹس اور غیر مجاز پریکٹس کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ اس سلسلہ میں متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔