فرضی ویزا و پاسپورٹ کیس ‘ جگا ریڈی جیل منتقل

امریکی ویزا کیلئے تلبیس شخصی کے ذریعہ دھوکہ دہی کا الزام کارروائی

حیدرآباد ۔ 411۔ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے حلقہ اسمبلی سنگا ریڈی کے سابق رکن اسمبلی ٹی جیہ پرکاش ریڈی عرف جگا ریڈی کو 14 سال قدیم انسانی اسمگلنگ کیس میں گرفتار کرلیا اور انہیں چنچل گوڑہ جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس کا الزام ہے کہ جگا ریڈی نے تلبیس شخصی و دھوکہ دہی کے ذریعہ خود کے افراد خاندان کی بجائے دیگر افراد کے پاسپورٹ اور امریکی ویزا حاصل کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق رکن اسمبلی نے ایک خاتون اور اس کے دو بچوں کو امریکہ بھیجنے جملہ 15 لاکھ روپئے حاصل کئے ۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون بی سومتی نے کہا کہ جگا ریڈی کے خلاف 2004 ء میں مونڈا مارکٹ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات کے علاوہ پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ جگا ریڈی نے اپنی بیوی ٹی نرملا، بیٹی ٹی جئے لکشمی ، ٹی بھرت سائی ریڈی کے ناموں پر دیگر افراد کے پاسپورٹ حاصل کئے اور امریکی ویزا حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ اور ویزا حاصل کرنے کے بعد جگا ریڈی ایک خاتون اور دو بچوں کو امریکہ لے گئے اور انہیں وہیں پر چھوڑ آئے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ فرضی دستاویزات کے ذریعہ پاسپورٹ اور ویزا حاصل کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے ایک ساتھی جے کسم کمار کی مدد سے ایک خاتون اور اس کے دو بچوں کو امریکہ کے شہر نیویارک منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ کا بیجا استعمال کرکے جگا ریڈی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ ڈی سی پی سومتی نے کہا کہ جگا ریڈی کے افراد خاندان کے آدھار کارڈ کی مدد سے دھوکہ دہی کا یہ معاملہ منظر عام پر آیا ہے اور پولیس نے ٹھوس شواہد دستیاب ہونے پر ان کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی کے خلاف ایک اور تازہ مقدمہ تعزیرات ہند کے علاوہ پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار سابق رکن اسمبلی کو سکندرآباد کورٹ کے 22 ویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس میں پیش کیا جس کے نتیجہ میں انہیں 14 دن کیلئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ جگا ریڈی کو پولیس نے آج شام چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔