الیکشن کمیشن کے احکام پر مجلس بلدیہ حیدرآباد میں 26 ستمبر تا 10 اکٹوبر ووٹر لسٹ کی تنقیح
حیدرآباد ۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اعلان کیا ہیکہ 26 ستمبر تا 10 اکٹوبر ووٹر لسٹ کی تنقیح کا عمل جاری رہے گا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ضلع الیکشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے بموجب حیدرآباد ضلع میں موجود 15 اسمبلی حلقوں میں ایک ہی رائے دہندے کے اضافی ناموں کو حذف کرنے کا عمل 26 ستمبر تا 10 اکٹوبر جاری رہے گا۔ اس سلسلہ میں بوتھ لیول آفیسرس کی جانب سے گھر گھر سروے کرتے ہوئے متوفی، فرضی، منتقل شدہ اور عدم دستیاب رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں دی گئی تفصیلات کے بموجب ضلع حیدرآباد میں موجود 3,386 مراکز رائے دہی جو کہ جملہ 15 اسمبلی حلقہ جات میں موجود ہیں، ان میں فہرست رائے دہندگان کو درست کرنے کا عمل جاری رہے گا۔ واضح رہیکہ اس سلسلہ میں متعدد شکایات ماقبل انتخابات و مابعد انتخابات کی جاچکی ہیں، لیکن اب الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے فرضی رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے کے عمل کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ضلع الیکشن آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی نے رائے دہندوں سے خواہش کی ہیکہ وہ ان ایام کے دوران اپنے ناموں کی تنقیح و تصحیح کے علاوہ اعتراضات و ادعاجات کے ادخال کو یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کیلئے ضروری فہرست رائے دہندگان کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔ حیدرآباد کے کئی حلقہ جات اسمبلی میں اضافی ناموں کے علاوہ فرضی ناموں کی متعدد شکایات موجود ہیں۔ شکایت کنندگان کو ان ایام کے دوران نشاندہی کا بہترین موقع میسر آ سکتا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تیار کردہ فہرست رائے دہندگان کی ازسرنو تیاری کیلئے 26 ستمبر تا 10 اکٹوبر اعتراضات و ادعا جات قبول کئے جائیں گے۔ فہرست رائے دہندگان پر انگشت نمائی کرنے والوں کیلئے یہ بہترین موقع ہے چونکہ وہ اس موقع سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔