فرضی انکاونٹر میں ہلاک یو پی کے نوجوان کی نعش ورثا کے حوالے

حیدرآباد۔/9اپریل، ( سیاست نیوز) پولیس کے فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے اتر پردیش کے نوجوان اظہار خان کی نعش کو ورنگل پولیس نے آج ان کے ورثاء کے حوالے کردیا۔ مہلوک کے بھائی تنویر خان نے آج لکھنو اتر پردیش سے ورنگل ایم جی ایم ہاسپٹل پہنچ کر نعش کو حاصل کرلی اور بعد ازاں پولیس اسکارٹ میں شمس آباد ایر پورٹ منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اظہار خان کی نعش کو پولیس نے تنویر خاں کے حوالے کرتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی کی اور نعش کو فلائیٹ کے ذریعہ منتقل کرنے کیلئے دستاویزات اور ایف آئی آر کاپی بھی حوالے کیا۔ نعش کو صبح بذریعہ فلائیٹ لکھنو لے جایا جائیگا جہاں پر تدفین عمل میں آئے گی۔ واضح رہے کہ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے نوجوان اظہار خان کو کاؤنٹر انٹلی جنس سل نے سال 2010میں گرفتار کرتے ہوئے اسے حیدرآباد منتقل کیا تھا اور اس پر یہ الزام تھا کہ وقار احمد کو اس نے بندوقیں فراہم کی تھی۔