فرضی انکاونٹرس کے خلاف کل چلو اسمبلی پروگرام

مسلم تنظیموں کی پریس کانفرنس ، ویراسم قائد ورا ورا راؤ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز)نئی ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ میں پیش آئے تمام انکاونٹر واقعات کی برسرخدمات جج سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ویراسم قائد ورا ورا رائو نے ریاستی حکومت پر تلنگانہ کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا۔آج شہر کے ایک میڈیا سنٹر میں مسلم تنظیموں کی جانب سے منعقدہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ورا ورا رائو نے 16ماہ کے اندر سینکڑوں دلت اور مسلم نوجوانوں کو انکاونٹر کے نام پر ہلاک کرنے کا بھی ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے فوری بعد نرسنگ رائو نامی دلت کے انکاونٹر پر سیول سوسائٹی کی خاموشی اس کے بعد آلیر میں وقارالدین اور ان کے ساتھیوں کا عدالتی تحویل میں انکاونٹر کے نام پر سفاکانہ قتل عام پر بھی ڈیموکرٹیک فرنٹ اور سیول سوسائٹی کی مجرمانہ خاموشی ریاست تلنگانہ میں مزید فرضی انکاونٹر کی راہیں ہموار کرنے کا ذریعہ بنی ہیں۔ رائو نے کہا کہ عدالتی تحویل میں انکاونٹر کے نام پر زیر دریافت ملزمین کا قتل عام تلنگانہ پولیس کی عادت بن گیا ہے۔ انہوں کہاکہ آلیر میں وقار الدین اور ان کے ساتھیوںکے انکاونٹر کے بعد تلنگانہ پولیس کے حوصلہ مضبوط ہوگئے ہیں اور یہی وجہہ ہے کہ 15ستمبر کو ورنگل کے ایک منڈل میں بی ٹیک کی طالبہ شروتی اور ودیاساگر ریڈی کو بے دردی کے ساتھ پولیس نے قتل کرتے ہوئے انکاونٹر کا نام دے دیا۔ورا ورا رائو نے متعلقہ پولیس پر شروتی کی عصمت ریزی کرنے اور اس کے بعد جسمانی اذیتیں دینے کے لئے تیزاب سے شروتی کو جھلسانے کا بھی الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آنجہانی شروتی کی نعش کی تصویریں دیکھنے کے بعد یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ حراست کے دوران شروتی اور ودیاساگر ریڈی پر تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے شروتی اور ودیا ساگر ریڈی کے فرضی انکاونٹر کے خلاف چار سو سے زائد سیول سوسائٹی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم تلنگانہ ڈیموکرٹیک فرنٹ کے مجوزہ چلو اسمبلی پروگرام کے انعقاد کی اجازت دینے سے پولیس کے انکار کی سخت لفظوں میں مذمت بھی کی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ مصیبت زدہ عوام کی آواز کو پولیس کے ذریعہ دبانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ورنگل فرضی انکاونٹر کے خلاف پرامن طریقہ کا چلو اسمبلی پروگرام تلنگانہ ڈیموکرٹیک فرنٹ کی جانب سے30ستمبر کو اعلان کیاگیا ہے جس کے انعقاد میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے ٹی ڈی ایف کے مجوزہ احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل بھی کی۔ ورا ورا رائو نے کہاکہ ورنگل فرضی انکاونٹر کے خلاف30ستمبر کو ٹی ڈی ایف کا چلو اسمبلی پروگرام باغ لنگم پلی سے صبح د س بجے شروع ہوگا ۔ سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کو بے قصور اور مظلوم نوجوانوں کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا جن کو انکاونٹر کے نام پر تلنگانہ پولیس نے قتل کیاہے۔ انہوں نے آلیر فرضی انکاونٹر میں پانچ بے قصور زیردریافت ملزمین کے قتل عام کے بعدورنگل میں 15ستمبر کو پیش آئے فرضی انکاونٹر کے ذریعہ شروتی اور ودیا ساگر ریڈی کے قتل پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کو معصوم اور بے قصور نوجوانوں کا قاتل قراردیا۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں مقامی انتظامیہ کی مرضی کے بغیر انکاونٹر کا واقعہ پیش آنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے آلیر کے بعد ورنگل میں15ستمبر کو پیش آئے فرضی انکاونٹر کے مہلوکین کے قتل کا ذمہ دار ریاستی حکومت کو ٹھہرایا۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پیش آنے والے تمام انکاونٹر واقعات کی برسرخدمات جج کے ذریعہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ آلیر انکاونٹر میں ہلاک ہونے والے سید وقار الدین کے والد سید احمد الدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ آلیرفرضی انکاونٹر کے بعد تلنگانہ پولیس کے حوصلے کافی مضبوط ہوگئے ہیں۔انہوں نے ورنگل فرضی انکاونٹر کے خلاف تلنگانہ ڈیموکرٹیک فرنٹ کے مجوزہ چلو اسمبلی کی بھر پور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے احتجاجی پروگرام کا انعقاد تلنگانہ میں مزید فرضی انکاونٹرس کی روک تھام میں موثر اقدام ثابت ہوگا۔ انہوں نے آلیر فرضی انکاونٹر کے خلاف جاری اپنی جدوجہد کا اس موقع پر تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ طویل عرصہ گذرجانے کے باوجود حکومت تلنگانہ انصاف کے لئے جاری ہماری جدوجہد پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس وقار اور ان کے ساتھیوں کی پوسٹ مارئم رپورٹ بھی حوالے کرنے سے انکار کررہی ہے۔ صدر ارونودیا ویکاشریمتی ویملا اکا نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے شروتی واقعہ پر تشویش ظاہر کی۔  انہوں نے جذبہ تلنگانہ سے حاصل ہوئی حکومت کا بیجا استعمال کرنے کا بھی چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو پر الزام عائد کیا او رکہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی برسراقتدار حکومت ٹی آر ایس پارٹی ریاست تلنگانہ میں انکاونٹر کے نام پر نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔ ویملا اکا نے حکومت سے ورنگل انکاونٹر معاملے میں صفائی پیش کرنے اور انکاونٹر متاثرین کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ ویملا اکا نے تلنگانہ ڈیموکرٹیک فرنٹ کے مجوزہ چلو اسمبلی پروگرام کے انعقاد میں پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ جناب ملک معتصم‘ امجد اللہ خان‘ ثناء اللہ خان‘ مولانا نصیر الدین‘ مجاہد ہاشمی نے بھی مشترکہ طور پر ٹی ڈی ایف کے چلو اسمبلی پروگرام کی تائید وحمایت کا اعلان کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کی عوام سے مذکورہ پروگرام میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔