فرضی انکاؤنٹرس کے خلاف تحریک چلائی جائیگی پاپولر فرنٹ آف انڈیا طلبا تنظیم کا فیصلہ

حیدرآباد 21 اپریل ( سیاست نیوز) آلیر انکاونٹر نے قومی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے والی تنظیموں و قائدین کو متحرک کردیا ہے اور قومی سطح پر ایک مرتبہ پھر فرضی انکاونٹرس موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی طلبہ تنظیم کیمپس فرنٹ آف انڈیا نے 25 تا 30 اپریل قومی سطح پر ان فرضی انکاونٹرس کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے مطابق ملک بھر میں طلبہ سرکاری دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کریں گے ۔ کیمپس فرنٹ آف انڈیا نئی دہلی کی جانب سے جاری کردہ پوسٹر میں نہ صرف آلیر فرضی انکاونٹر میں قتل کئے گئے وقار کی تصویر شامل ہے بلکہ سیشاچلم میں ہوئے مبینہ اسمگلرس کے فرضی انکاونٹر کے علاوہ عشرت جہاں و دیگر انکاونٹرس کے معاملات کی تصاویر موجود ہیں ۔ پوسٹر میں تنظیم نے سوال کیا ہے کہ ’’ آپ کیسے خاموش رہیں گے جب حکومت خود اپنے شہریوں کا قتل کررہی ہے ؟ ‘‘ 25 تا 30 اپریل چلائی جانے والی اس تحریک کے دوران کیمپس فرنٹ کی جانب سے ملک کی مختلف جامعات میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے تاکہ عوام میں پولیس مظالم کے خلاف شعور اجاگر کرتے ہوئے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا جائے ۔