فرضی الزامات پر محروسی کا معاوضہ ادا کرنیکا مطالبہ

نئی دہلی ، 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جمیعۃ علماء ہند نے آج مطالبہ کیا کہ ان عہدیداروں اور ایجنسیوں کے خلاف ’’سخت کارروائی‘‘ کی جائے جو مبینہ طور پر بے قصور اشخاص کو دہشت گردی کے فرضی الزامات پر جیل میں ڈالنے میں ملوث ہیں اور عدالتوں کی جانب سے برأت پانے والے افراد کو مرکزی و ریاستی حکومتوں سے ’’معاوضہ‘‘ چاہا۔ ملک میں فرقہ پرست قوتوں کو شکست دینے کیلئے ٹھوس کوششوں پر زور دیتے ہوئے صدر جمیعۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے دعویٰ کیا کہ کئی سو افراد دہشت گردی کے ایسے واقعات کیلئے جن کا کبھی انھوں نے ارتکاب نہیں کیا، ملک بھر کی جیلوں میں بند ہیں۔ وہ ایک کتاب ’’گیارہ سال سلاخوں کے پیچھے‘‘ کی رسم اجراء تقریب سے مخاطب تھے۔ یہ مفتی عبدالقیوم کی تحریر ہے جنھیں فرضی الزامات سے گزشتہ سال سپریم کورٹ نے بری کردیا۔