فرحت خاں اور فیروز خاں نے شہر میں مچادی ہلچل

نامپلی اور یاقوت پورہ میں حریفوں میں پریشانی کی لہر ، مثبت تبدیلی سے رائے دہندے خوش

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : انتخابی مہم ختم ہونے میں ابھی 6 یوم باقی ہیں اور تمام اسمبلی حلقوں میں امیدوار عوامی تائید کو اپنے حق میں ہموار کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں ۔ خاص طور پر شہر کے دو اسمبلی حلقوں پر سب کی نظریں مرکوز ہیں یہ حلقے ، حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ اور نامپلی ہیں ۔ ان حلقوں میں کوئی جماعت کے نام پر ووٹ مانگ رہا ہے تو کوئی شخصی خدمات کی بنیاد پر خود کو عوام کے ووٹوں کا حقدار سمجھ رہا ہے ۔ حلقہ نامپلی میں مجلس کے وراثت رسول خاں کامیاب ہوئے تھے جب کہ حلقہ یاقوت پورہ میں مجلس کے ہی ممتاز احمد خاں گذشتہ 20 برسوں سے منتخب ہوتے آرہے ہیں لیکن ان دونوں حلقوں سے فیروز خاں اور فرحت خاں کے میدان میں آجانے سے انتخابات دلچسپ موڑ اختیار کر گئے ہیں ۔ شہر میں ہر مقام پر چاہے وہ تقاریب ہوں یا نجی محفلیں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ اور حلقہ اسمبلی نامپلی موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ شہر کے ایک بزرگ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ فرحت اللہ خاں اور فیروز خاں نے اپنے مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ساری توانائیاں ان حلقوں میں جھونکی جارہی ہیں ۔ حسن اتفاق کی بات یہ ہے کہ ممتاز احمد خاں کو جس امیدوار سے سخت چیلنج درپیش ہے ان کے نام کی شروعات بھی ’ ف ‘ سے ہوتی ہے جب کہ نامپلی میں معراج حسین کو اپنی مقبولیت کے ذریعہ پریشان کرنے والے امیدوار کا نام بھی ’ ف ‘ سے شروع ہوتا ہے ۔ یعنی فرحت خاں اور فیروز خاں نہ صرف اپنے حلقوں بلکہ دیگر اسمبلی حلقوں میں بھی اثر انداز ہورہے ہیں ۔ فرحت خاں کو امید ہے کہ ان کے ترقیاتی ایجنڈہ اور خلوص کے باعث نوجوان اور خواتین خاص کر غریب و متوسط طبقہ ان کے حق میں اپنے ووٹوں کا استعمال کرے گا ۔ جب کہ فیروز خاں کا دعویٰ ہے کہ وہ صرف اور صرف شخصی خدمات کی بنیاد پر انتخابات لڑ رہے ہیں ۔ نامپلی کے ایک نوجوان نے فیروز خاں اور فرحت خاں کے انتخابی مقابلہ میں اپنے حریفوں پر سبقت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بالی ووڈ میں جس طرح خانس عامر خاں ، عمران خاں اور دیگر خانوں ( مودی کی تائید و حمایت کے بعد سلمان خاں اب مثال دینے کے بھی قابل نہیں رہا ) کی اجارہ داری ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ آنے والے دنوں میں شہر کی سیاست پر بھی فرحت خاں ، فیروز خاں وغیرہ کا اثر ہوگا ۔ فیروز خاں کے مطابق وہ صرف عوام کو اپنی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے ووٹ مانگ رہے ہیں ۔ انہوں نے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران کئے گئے اپنے مختلف کاموں کی ایک طویل فہرست جاری کی ہے جس میں اسکولی بچوں میں کاپیوں ، کتابوں ، یونیفارمس کی تقسیم سے لے کر اسکولوں میں بیت الخلاوؤں کی تعمیر و مرمت ، مختلف علاقوں میں عوام کو ٹینکرس کے ذریعہ پینے کے پانی کی فراہمی وغیرہ شامل ہے ۔ فیروز خاں کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ وہ ضرور منتخب ہوجائیں گے ۔ عوام پر مخالفین کی کسی سازش کا کوئی اثر ہونے والا نہیں ۔ فیروز خاں کی طرح حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں فرحت خاں کی لہر چل رہی ہے ۔ یاقوت پورہ کے مختلف محلہ جات میں عوام کا فرحت خاں کو حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ چھوٹے چھوٹے بچوں سے لے کر نوجوان طبقہ اور بزرگ و خواتین ہر کوئی ایم بی ٹی کے امیدوار کا والہانہ خیر مقدم کررہے ہیں ۔ تالاب کٹہ ، بھوانی نگر کے عوام کا کہنا ہے کہ حلقہ میں فرحت خاں کی لہر ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ یاقوت پورہ میں حیران کن نتائج سامنے آئیں گے ۔ پرانا شہر کے سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ فرحت خاں اور فیروز خاں نے سارے شہر میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔ لیڈروں کا آرام حرام کردیا ہے ۔ خود حرکت میں آکر مخالفین کو بھی حرکت میں آنے پر مجبور کردیا ۔ جمہوریت میں فرحت خاں جیسے امیدوار ایک زبردست انقلاب پیدا کرسکتے ہیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فیروز خاں اور فرحت خاں کو حاصل عوامی تائید و حمایت کیا انقلاب برپا کرسکتی ہے اور شہر میں کون سی مثبت تبدیلیاں لا سکتی ہیں ۔ ایک بات تو ضرور ہے کہ دونوں شہر کے مسلمانوں میں تعلیمی و معاشی انقلاب برپا کرسکتے ہیں ۔