فرانس ‘ہندوستان میں سیمی ہائی اسپیڈ ریل پراجکٹ کا پارٹنر

پیرس ۔11 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس اور ہندوستان نے مختلف پراجکٹس کے معاملے میں باہمی تعاون و اشتراک کا فیصلہ کیاہے۔ دہلی ۔ چندی گڑھ ریلوے لائن پر ٹرین کی رفتار کو 200 کیلومیٹر فی گھنٹہ کرنے کے منصوبے اور انبالہ و لدھیانہ ریلوے اسٹیشنس کے ازسرنوفروغ میں فرانس ہندوستان کا پارٹنر ہوگا۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں اسمارٹ سٹیز کے فروغ میں بھی فرانس مدد کرے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی کل صدر فرانس فرینکویس ہالینڈ سے ہوئی ملاقات کے دوران یہ اُمور زیربحث آئے ۔ دونوں ممالک نے ریلوے پروٹوکول پر دستخط کئے جس میں سیمی ہائی اسپیڈ ریل اور اسٹیشن تزئین نو کیلئے ہندوستان اور فرنچ ریلویز کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا ۔ پروٹوکول کے تحت انڈین ریلویز اور فرنچ نیشنل ریلویز مشترکہ طورپر دہلی ۔ چندی گڑھ لائین پر 200 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرین چلانے اور انبالہ و لدھیانہ ریلوے اسٹیشنس واقع چندی گڑھ کی تزئین نو کریں گے ۔

چندی گڑھ اور نئی دہلی کے مابین شتابدی ایکسپریس اس وقت سب سے تیز رفتار ٹرین ہے جس کی اوسط رفتار 79.80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ۔ دونوں قائدین نے ریلویز کو عصری بنانے اور سیمی ہائی اسپیڈ ریل پراجکٹس کے علاوہ شہری علاقوں میں ذرائع حمل و نقل کی بہتری کے شعبہ میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے ۔ مودی اور ہالینڈ کی بات چیت کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان میں یہ تفصیلات بتائی گئی ۔ فرانس نے ہندوستان میں اسمارٹ سٹیز کے فروغ میں باہمی اشتراک سے بھی دلچسپی ظاہر کی۔ حکومت ہند کی جانب سے جن شہروں کو اسمارٹ سٹیز کے طورپر فروغ دینے کا منصوبہ ہے ،

اُن کی نشاندہی کے بعد فرانس ان پراجکٹس میں باہمی تعاون کرسکتا ہے ۔ اسرو اور فرنچ نیشنل سنٹر فار اسپیس اسٹیڈیز کے مابین ایک پروگرام کیلئے بھی دستخط کئے گئے ۔ دونوں اداروں نے سٹلائیٹ ریموٹ سنسنگ ، سٹلائیٹ کمیونکیشنس ، سٹلائیٹ میٹرولوجی کے علاوہ دیگر شعبوں میں باہمی تعاون اور مشترکہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ایک نئی اسکیم سے اتفاق کیا جس کے تحت ہندوستانی طلبہ کو فرانس میں اور فرانسیسی طلبہ کو ہندوستان میں 24 ماہ قیام کی اجازت دی جائے گی۔ اسی طرح وزارت ایوش اور یونیورسٹی آف اسٹراسبرگ کے مابین ایک منصوبہ پر دستخط ہوئے جس کے تحت فرانس میں آیوروید کو ایک طریقۂ علاج کے طورپر فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکشاپس ؍ کانفرنس منعقد کئے جائیں گے ۔

سلامتی کونسل کی مستقل نشست کیلئے مودی کی مہم
پیرس ، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یو این سکیورٹی کونسل میں ہندوستان کیلئے مستقل نشست کے ضمن میں پُرزور دعوے داری پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسے یہ نشست عالمی امن کیلئے اس کے غیرمعمولی تعاون پر بطور ’’حق‘‘ حاصل ہونا چاہئے ۔ انھوں نے یہاں ہندوستانی برادری سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’وہ دن گئے جب ہندوستان کو عاجزی کرنا پڑتا تھا۔ اب ہم ہمارا حق چاہتے ہیں۔ کسی دیگر ملک اس طرح کا اخلاقی اختیار نہیں رکھتا ہے‘‘۔ ’’یہ ہندوستان جیسے امن پسند قوم کو تسلیم کرنے کا ایک موقع ہے،‘‘ مودی نے اس ریمارک کے ساتھ اقوام متحدہ سے اس مسئلے پر اپنے موقف پر نظرثانی کی اپیل کی جب وہ 70 ویں سالانہ تقاریب منائے۔ اپنے مدعا کی تائید میں وزیراعظم ہند نے کہا کہ ہندوستان کا اقوام متحدہ امن بردار افواج میں سب سے زیادہ وجود ہے۔ دنیا کو یہ پہلو سمجھ کر ہندوستان کے تئیں اپنے نظریہ کو تبدیل کرنا چاہئے۔