ماسکو ۔23 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام)فرانس کے ساہیل علاقے میں سرگرم دہشت گرد تنظیم گروپ ٹو سپورٹ اسلام اینڈ مسلمس ( جی ایس آئی ایم ) کے خونخوار دہشت گرد کو فوج نے دہشت گردی مخالف آپریشن کے دوران ہلاک کردیا ۔فرانسیسی وزارت دفاع کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق، فرانسیسی مسلح افواج نے 21 فبروری کو مالی میں ٹمبکٹو کے شمالی علاقے میں آپریشن کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ مارے گئے دہشت گردوں میں یحیی ابولحمام شامل تھا جو ’امارات آف ٹمبکٹو‘ نامی دہشت گرد تنظیم کا بانی تھا اور جی ایس آئی ایم میں دوسرے نمبر پر تھا۔ اس کے دو ساتھی بھی اس آپریشن کے دوران مارے گئے ۔وزیر دفاع فلورنس پارلی نے ایک الگ بیان میں سا حل علاقے میں فرانسیسی فوج کے اس کامیاب آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے خطرناک دہشت گرد کی موت سے اس علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیاں کمزور ہوں گی ۔