پیرس ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے حکام نے چرچ پر حملہ کرنے والے دوسرے شخص کی شناخت 19 سالہ عبدالمالک کے طور پر کی ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق یہ وہی شخص تھا جس کو ایک مخبری کے بعد پولیس گذشتہ ہفتے سے تلاش کر رہی تھی۔ چرچ حملے میں 86 سالہ پادری کو گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا تھا۔ حملے میں ایک عبادت گزار زخمی بھی ہوا۔ دونوں حملہ آوروں کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ایک حملہ آور کا چہرہ پولیس کی گولی سے ناقابلِ شناخت ہو گیا تھا۔ دو میں سے ایک حملہ آور کی شناخت پہلے ہی 19 سالہ عادل کرمیکی کے نام سے ہو چکی ہے۔ حکام نے دوسرے حملہ آور کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ لیا تھا جسکے بعد یہ تصدیق ہوئی ہے کہ یہ شخص عبدالمالک ہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرمیکی کے گھر سے آئی ڈی کارڈ ملا تھا جس پر عبدالمالک پی کا نام درج ہے جس کا تعلق جنوب مشرقی فرانس میں واقع ایکس لیس بینز سے ہے۔