فرانس میں مساجد کی تعداد دوگنی کردی جائے

لی بورگیٹ (فرانس) /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے سرکردہ مسلم رہنما نے ملک میں موجود مساجد کی تعداد کو آئندہ دو سال میں دوگنی کرنے پر زور دیا ہے تاکہ یہاں رہنے والے لاکھوں مسلمانوں کیلئے مساجد کی کمی پوری ہوسکے ۔ فرانس کی اسلامی تنظیموں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے مخالف اسلام حملوں کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں دیگر مذاہب کے احترام کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ دلیل ابوبکر نے کہا کہ ملک میں موجود 2200 مساجد یوروپ کے سب سے بڑے مسلم طبقہ کیلئے کافی نہیں ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اندرون دو سال مساجد کی تعداد میں دوگنا اضافہ کرنا ہوگا ۔ فرنچ مسلم کونسل کے سربراہ اور پیرس مسجد کے ریکٹر دلیل ابوبکر نے کہا کہ یہاں کثیرتعداد میں نماز گاہیں موجود ہیں ۔

کئی مساجد زیرتعمیر ہیں اور ایسی کئی مساجد ہیں جنہیں تعمیر نہیں کیا جارہا ہے ۔یہ سالانہ اجتماع فرانس کی اسلامی تنظیموں کے اتحاد پر مبنی گروپ کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا ۔ یہ گروپ تقریباً 250 مسلم تنظیموں کی نمائندگی کرتا ہے ۔یہ اجتماع ایسے وقت منعقد کیا گیا جبکہ چند ماہ قبل پیرس کے قریب جہادی بندوق برداروں نے 17 افراد کو ہلاک کردیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد فرانس میں اسلام کے خلاف مہم شدید ہوگئی ہے اور صرف جنوری میں 167 مساجد کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آئے ۔ اس اجتماع کے ایک اور مقرر نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے وفادار ہیں ۔ ہم اللہ سے محبت رکھتے ہیں اور اپنے رسولؐ سے محبت رکھتے ہیں ۔ہم اپنے ملک سے بھی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے اسلام کے نام پر تشدد کی بھی مذمت کی ۔ ابوبکر نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کا احترام کیا جانا چاہئیے ۔