فرانس میں دھماکا،13 افراد زخمی

پیرس ۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے وسطی شہر لیون میں دھماکے سے 13افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی کیمرے کی مدد سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔مشکوک شخص دھماکے کے مقام پر سائیکل پرآیا اور ایک مشہور بیکری کے باہر تھیلا رکھ کر چلا گیا تھا۔خیال ہے کہ دھماکہ اسی بیگ میں ہوا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کیمروں کی مدد سے ملزم کی تلاش میں مصروف ہے۔فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون اور وزیر داخلہ نے واقعہ کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔

یہودی جرمنی میں ہر جگہ کِپّا
نہ پہنیں: جرمن کمشنر
برلن ۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمنی میں سامیت دشمنی کے انسداد کے نگران کمشنر فیلکس کلائن نے یہودیوں کو جرمنی میں ہر جگہ ’کِپّا‘ پہننے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ کلائن کے بقول وہ موجودہ حالات میں یہودیوں کو یہ مشورہ نہیں دے سکتے کہ وہ جرمنی میں ہر جگہ اپنی یہ مذہبی ٹوپی پہنیں۔ یہودیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد میں انٹرنیٹ اور سماجی ویب سائٹس کا بھی ہاتھ ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اور دیگر اہلکاروں کو خصوصی تربیت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔