ورسائلز(فرانس) 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کی ایک عدالت نے نوجوان خاتون کو برسرعام مکمل نقاب اوڑھنے کا مجرم قرار دیا اور اِس خاتون کا یہ استدلال مسترد کردیا کہ ملک میں برقعے پر امتناع غیر دستوری ہے۔ 20 سالہ کسندرا بیلن پر 3 پولیس عہدیداروں کو گرفتاری کے وقت توہین اور دھمکیاں دینے کا بھی مجرم قرار دیا گیا۔ اِس واقعہ پر جولائی 2013 ء میں پیرس کے قریب ٹریپس ٹاؤن میں دو دن تشدد دیکھا گیا تھا۔ عدالت نے اِس خاتون کو پولیس کے ساتھ جھڑپ پر ایک ماہ معطل شدہ سزائے قید اور نقاب اوڑھنے پر 150 یورو جرمانہ عائد کیا۔ اِس خاتون کے وکلاء نے عدالت میں بحث کے دوران کہاکہ برقعے پر امتناع مذہبی آزادی کے خلاف ہے اور اِس کے ذریعہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے چنانچہ اِسے فوری برخاست کیا جانا چاہئے لیکن عدالت نے یہ مسترد کردی۔
شام میں سویڈن کے مغویہ دو صحافی رہا
اسٹاکہوم ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام میں سویڈن کے دو صحافیوں کو جنہیں نومبر میں اغواء کیا گیا تھا، آج رہا کرالیا گیا۔ سویڈن کی وزارت خارجہ نے اس بات کی توثیق کی اور بتایا کہ رائٹر میگنز فلکیہد اور فوٹو گرافر نکلاس ہمراسٹرام کو رہا کردیا گیا ہے اور بیروت میں سویڈن کے سفارتکار سے انہیں مدد فراہم کی جارہی ہے۔ ان دو فری لانس جرنلسٹوں کا نومبر میں اغواء کیا گیا تھا۔ سویڈن حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا اغواء کس نے کیا اور رہائی کیسے عمل میں آئی لیکن نیشنل پولیس کی خاتون ترجمان جیسیکا کریسر نے بتایا کہ سویڈن پولیس نے دیگر حکام کے ساتھ قریبی ربط برقرار رکھتے ہوئے ان کی بحفاظت رہائی یقینی بنائی۔