فرانس میں آٹھویں صدی کی مسلم قبریں دریافت

واشنگٹن ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ماہرین آثارقدیمہ جنوبی فرانس میں تین ایسی قدیم قبروں پر تحقیق کررہے ہیں جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ یوروپ میں مسلمانوں کی یہ قدیم ترین قبریں ہوسکتی ہیں جن کا تعلق آٹھویں صدی سے ہوگا۔ نائمز میں قرون وسطیٰ کے ایک مقام پر پائی گئی قبروں میں موجود ڈھانچوں کا رخ مکتہ المکرمہ کی جانب ہے جبکہ ان ڈھانچوں کے جنیٹک تجزیہ سے یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ شمالی افریقی نسل کے رہے ہوں گے۔ علاوہ ازیں ریڈیو کاربن کے ذریعہ جو ڈیٹنگ کی گئی ہے اس کے مطابق ڈھانچے ساتویں تا نویں صدی کے زمانے کے ہیں اور اس زمانہ میں ان کا تعلق مسلم خاندانوں سے تھا۔ اسٹڈی میں بتایا گیا ہیکہ قبروں سے ملنے والے ڈھانچے جس وقت جیتی جاگی انسانی شکل میں زندگی گذار رہے ہوں گے اس وقت وہ عرب افواج کی حجامت کا کام انجام دیتے ہوں گے۔ اس دور میں عرب افواج شمالی افریقہ تک وسعت حاصل کررہی تھی۔ قبروں کی دریافت سے اس زمانے سے متعلق معلومات کو ایک نئی جہت حاصل ہوئی ہے جو یا تو صرف تاریخ کی کتابوں یا پھر آثارقدیمہ کے ر یکارڈس میں موجود ہوتی ہے۔ مسلمانوں نے آٹھویں صدی میں فرانس میں آباد ہونا شروع کردیا تھا۔ قبروں کا سب سے پہلے انکشاف 2006ء میں اس وقت ہوا تھا جب نائمز میں ایک سڑک کی تعمیر کرتے وقت کھدوائی کے دوران مزدوروں کو قبریں نظر آئی تھیں۔ کھدوائی زیرزمین پارکنگ گیریج تعمیر کرنے کیلئے کی جارہی تھی۔