فرانس: طوفان سے 3 ہزار افراد محفوظ مقام پر منتقل

پیرس، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی فرانس میں بد ترین طوفان کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 3 ہزار کے قریب اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس میں بدترین طوفان کے باعث 5 افراد ہلاک اور لگ بھگ 3 ہزار افراد سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی فرانس میں آنے والا سیلاب 1999 ء کے سیلاب سے زیادہ خطرناک ہے جس کی وجہ سے دریاؤں کے دونوں اطراف بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جاسکے۔ واضح رہے کہ 1999ء میں سیلاب کے نتیجے میں فرانس کو بد ترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔