فرانسیسی سیاحوں کا طیارہ حادثہ کا شکار، ایک ہلاک

پیج۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ فرانسیسی سیاحوں کو منتقل کرنے والا ایک چھوٹا سا طیارہ تیز ہوا کی وجہ سے شمالی اریزونا کے ایرپورٹ پر اُترنے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا جس کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ایک اِنجن والا یہ طیارہ ایک پائلٹ اور 6 سیاحوں کے ساتھ زمین سے ٹکرا گیا اور پیج میں ایرپورٹ کے رن وے کے قریب اُلٹ گیا

جب کہ وہ ایک سیاحتی مرکزی فینکس سے تقریباً 322 کیلو میٹر کے فاصلہ پر تھا۔ مرکزی شہری ہوابازی انتظامیہ کے ترجمان ایان گریگر نے کہا کہ کیسینا 207 رن وے سے 120 تا 150 میٹر کے فاصلہ پر حادثہ کا شکار ہوا۔ ایک مسافر کو دواخانہ منتقل کیا جارہا تھا جب کہ وہ راستہ میں فوت ہوگیا۔ دوسرا مریض دواخانہ میں شریک اور مستحکم حالت میں بتایا جاتا ہے۔ دیگر 4 افراد کو معمولی زخموں کے لئے علاج کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا۔