فرانسیسی ریویرا میں ہولناک آندھی اور اچانک سیلاب‘16فوت

نیس۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فرانس کے ریویرا  میں انتہائی ہولناک آندھی اور سیلاب سے آج کم سے کم 10افراد ہلاک اور دیگر 6لاپتہ ہوگئے ‘ جن کے بارے میں شبہ کیا جاتاہے کہ وہ بھی فوت ہوچکے ہیں ۔ صدر فرینکوئی ہالینڈ توقع ہے کہ متاثرہ مقامات کادورہ کریں گے جہاں صرف تین گھنٹوں کے دوران 7انچ بارش کے نتیجہ میں زبردست تباہی ہوئی ہے ۔ اینٹی بیس کے قریب بائیوٹ میں ایک تفریحی گھر سیلابی لہر نذر ہوگیا ‘جس کے نتیجہ میں تین افراد فوت ہوگئے ۔ دیگر تین افراد اُس وقت فوت ہوگئے جب ولاؤریس ۔ گولف ۔ ہوان کے قریب ایک چھوٹی سرنگ میں پانی جمع ہونے کے بعد اُن کی کار میں داخل ہوگیا ۔ اینٹی بیس اور کانس میں بھی آندھی اور سیلاب سے چند افرادفوت ہوئے ہیں ۔ مانڈیلیو۔ لاس ۔ ناپولی میں امدادی ٹیموں نے ان 6لاپتہ افراد کی تلاش شروع کردی ہے جو زیرزمین کار پارکنگ کے مقام پر موجود تھے ۔ کانس ‘ نیس اور اینٹی بیس کی سڑکوں پر ہر طرف پانی جمع ہوگیاہے جس کے نتیجہ میں یہ انتہائی خوبصورت شہر اب کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔ کئی موٹر گاڑیاں سیلابی لہروں میں بہتے ہوئے سمندروں میں پہنچ گئیں ہیں ۔