فرائض سے غفلت پر وقف بورڈ کا ملازم معطل

تین ماہ سے انورڈ سیکشن ردّی دان میں تبدیل، صدرنشین وقف بورڈ کی برہمی
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں خدمات سے غفلت اور لاپرواہی برتنے پر ٹپال انورڈ سیکشن کے جونیئر اسسٹنٹ کو معطل کردیا گیا۔ اس سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر انچارج بی شفیع اللہ نے احکامات جاری کیے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ٹپال سیکشن کے انچارج کو معطل کرنے کی ہدایت دی تھی کیوں کہ اس سیکشن میں گزشتہ کئی ماہ سے سرکاری مراسلات، عدلیہ کی نوٹسیں، عوامی نمائندگیاں اور دیگر دفتری دستاویزات تقسیم کیے بغیر ردی کی طرح ڈال دیے گئے تھے۔ انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے وقف بورڈ کو نوٹس کی اجرائی کی اطلاع ملنے پر صدرنشین وقف بورڈ نے جب متعلقہ سیشکن سے معلومات حاصل کیں تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ بعد میں پتہ چلا کہ انسانی حقوق کمیشن کی نوٹس انورڈ سیکشن میں موجود ہے جو متعلقہ سیکشن کے حوالے نہیں کی گئی۔ حالانکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو کمیشن کے روبرو حاضر ہونے کی تاریخ بھی گزر گئی۔ تحقیقات پر پتہ چلا کہ سینکڑوں کی تعداد میں مراسلات اور نمائندگیاں انورڈ سیکشن میں تقسیم کے بغیر رکھی ہوئی ہیں۔ اس بارے میں جب سیکشن کے انچارج سے معلومات حاصل کی گئی تو ان کا جواب غیر اطمینان بخش تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالتوں کی کئی نوٹسیں انورڈ سیکشن میں پائی گئیں جو متعلقہ لیگل سیکشن کے حوالے کی جانی چاہئے تھیں۔ سیکشن کی اس غفلت اور لاپرواہی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انچارج کو معطل کرنے کی ہدایت دی جس کے مطابق احکامات جاری کردیے گئے۔ انورڈ سیکشن کے جونیئر اسسٹنٹ سید شکیل حسن کو معطل کرتے ہوئے ان کی جگہ محمد دستگیر سینئر اسسٹنٹ کو مقرر کیا گیا۔ شکیل حسن کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایم اے فتح خاں کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انورڈ سیکشن دراصل بے قاعدگیوں کا مرکز ہے۔ عدالتوں میں زیردوران مقدمات کے فریق نوٹس کو متعلقہ سیکشن تک پہنچنے سے روکنے کے لیے اس سیکشن سے ملی بھگت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اوقافی اداروں کے خلاف شکایتوں کو بھی عہدیداروں تک پہنچنے نہیں دیا جاتا۔ وقف بورڈ کے سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ اگر انورڈ سیکشن بہتر کام کرے تو وقف بورڈ بڑی تعداد میں شکایتوں کی یکسوئی کرسکتا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ مستقبل میں فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کا انکریمنٹ بھی روک دیا جائے گا۔