فحش سائیٹس پر امتناع کا سپریم کورٹ سے مطالبہ

نئی دہلی ۔27ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) خاتون وکلاء کی ایک تنظیم نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر تمام فحش ویب سائیٹس پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس کا دعویٰ ہے کہ فحش نگاری نوجوان نسل کے دماغ خراب کردیتی ہے ‘ انہیں خواتین اور بچوں کے خلاف جرم کرنے پر اکساتی ہے ۔ سپریم کورٹ خاتون وکلاء اسوسی ایشن کی جانب سے دخل اندازی کیلئے یہ درخواست پیش کی گئی ہے ۔ ایک ماہ قبل مرکز نے اس سلسلہ میں ایک قومی پالیسی تیار کرنے کا تیقن دیا تھا ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں فحش فلم بندی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ حکومت نے 4اگست کو فحش ویب سائیٹس پر عائد امتناع سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر تنقید کے بعد برخواست کردیا تھا ۔ محکمہ مواصلات 21جولائی کو انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والوں کو 857 ویب سائیٹس بلاک کردینے کیلئے کہاتھا ۔