فتح میدان میں ٹی آر ایس پلینری اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ

حیدرآباد ۔ 8 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے پلینری اجلاس کے ضمن میںپارٹی کے اعلی قائدین رکن پارلیمنٹ بالکا سمن‘ وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ اسٹیٹ جتیندر ریڈی‘ ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ اسمبلی شریمتی پدما دیویندر گوڑ ‘ ریاستی وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما رائو اور پلینری سیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے تشکیل دی گئی مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران اور اراکین نے فتح میدان پہنچ کر پلینری سیشن کے ضمن میں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ 11 اکٹوبر کو فتح میدان پر ٹی آر ایس پارٹی کا ایک روزہ پلینری اجلاس منعقد ہونے والا ہے ۔ وزیر اعلی تلنگانہ ریاست و ٹی آر ایس پارٹی سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی صدرات میںمنعقد شدنی اجلا س کا مقصد ریاست میںپارٹی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور شہر حیدرآباد میںبلدی حلقہ کی سطح پر پارٹی کومضبوط کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ٹی آر ایس قائدین نے فتح میدان میںمنعقد شدنی سیشن کے لئے فتح میدان میں سجاوٹی انتظامات‘ اعلی قائدین بشمول پارٹی سربراہ کے لئے شہ نشین اور برسات کے پیش نظر پارٹی کارکنوں کے لئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا ۔

بالخصوص لنچ اور ڈنر کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے لئے صفائی کے ساتھ بہتر کھانے کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پکوان کے مقام کا بھی جائزہ بھی لیا۔بعد ازاں ایک اجلاس پرانے شہر میں پارٹی کے دوروزہ اجلاس کے متعلق بھی منعقد کیاگیا جس میں11اور 12 اکٹوبر کو شہر حیدرآباد میں منعقد شدنی دو روزہ پروگرام کے موقع پر قدیم شہر حیدرآباد میںسجاوٹ کے متعلق مشاورت کی گئی ۔ دوروزہ اجلاس کے لئے تشکیل دی گئی پرانے شہر حیدرآباد کی کمیٹی کے نگران کار ایم کے مجیب کی صدارت میںمنعقدہ اجلاس میںپارٹی قائدین میر عنایت علی باقری‘ منور خان‘ شبیر احمد‘ ایم اے باسط کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ چادر گھاٹ ‘ سالار جنگ‘ نیا اور قدیم پل کے علاوہ پٹلہ برج پر پارٹی اعلی قائدین کے فوٹوز پر مشتمل کمانیں نصب کی جائیںگی اس کے علاوہ قدیم شہر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات کو پارٹی کے جھنڈوں سے سجانے کاکام کیا جائے گا۔