فتح اللہ گولن سے مبینہ روابط، ترکی میں 115 سپاہی گرفتار

انقرہ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی پولیس نے 2016 ء کی ناکام بغاوت کے لئے مورد الزام ٹھہرائے جانے والے گروپ سے مشتبہ تعلقات کے شبہ پر جمعہ کو 115 سپاہیوں کو حراست میں لے لیا۔ سرکاری میڈیا نے بڑے پیمانہ پر کی گئی تازہ ترین کارروائی کی خبر دی ہے۔ سرکاری خبررساں ادارہ انادولو کی اطلاع کے مطابق استنبول کے سرکاری استغاثہ نے سرگرم ڈیوٹی انجام دینے والے 210 سپاہیوں کے لئے وارنٹس جاری کئے تھے ان میں پانچ کرنل بھی شامل تھے۔ گرفتار شدگان میں وہ ہزاروں افراد بھی شامل ہیں جن پر امریکہ میں مقیم مسلم مبلغ فتح اللہ گولن سے روابط رکھنے کا الزام ہے اور فتح اللہ گولن پر انقرہ نے 2016 ء میں ناکام بغاوت کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔ لیکن فتح اللہ گولن نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔ صدر رجب طیب اردغان کو اقتدار سے معزول کرنے 2016 ء کی مبینہ ناکام بغاوت کے بعد سے تاحال ترک پولیس ملک بھر میں روز کہیں نہ کہیں اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرتی رہی ہے۔