فاطمہ نگر غفوریہ مسجد کے قریب ڈرینج ابل رہا ہے ،عیدکے باوجود محکمہ کی چشم پوشی

پورا رمحلہ تعفن زدہ ،نمازیوںکو ذ  ہنی اذیت ،شکایت کے باوجود متعلقہ عہدیداروںکے رویہ پر عوام میں شدید برہمی
حیدرآباد ۔26ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں جا بجا ابلتے ہوئے ڈرینج لائن اور نالے شہریوںکیلئے مستقل سرد رد بنے ہوئے ہیں ۔ستم ظریفی یہ ہے کہ ابلتے ہوئے ڈرینج کی وجہ سے نہ صرف گندگی اورتعفن پھیل رہا ہے بلکہ یہ گندہ پانی لکیج پائپ سے بہنے والے پانی میںمل کر پوری گلی اور پورے راستہ کو تعفن زدہ  بنا دیتاہے جس کی وجہ سے نہ صرف خواتین ،بزرگوں اوربچوں کوآمدورفت میں تکلیف ہورہی ہے بلکہ نمازیوں کوایسے راستوں سے گذرنے میں کافی مشکلات اور ذہنی اذیت کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔اطلاعات کے مطابق، علاقہ وٹے پلی کے فاطمہ نگر میں سب سے بڑی مسجد کے پاس واقع تین ڈرینج پچھلے ایک ہفتہ سے مسلسل ابل کربہہ رہے ہیں،گنجان آبادی والے اس مقام پر بہنے والا یہ گندہ پانی نہ صرف آس پاس کے مکینوںکے لئے درد سر بنا ہواہے بلکہ یہاں موجود مسجد غفوریہ کے مصلیوںکے لئے بھی ذہنی اذیت کا سبب بن گیا ہے ۔مقامی افرادنے بتایا کہ متعلقہ حکام کو مطلع کرنے پر بھی کوئی سنوائی نہیں کی جارہی ہے اورآج کل کہہ کر ٹال مٹول سے کام لیا جارہاہے۔اسی طرح بی بی کا چشمہ کے قریب ہوٹل نور کے بازو سے کنٹہ جانے والی سڑک پر کم ازکم تین تا چار جگہ پر آئے دن ڈرینج لائن ابل کر بہتارہتاہے اور یہ سلسلہ ہفتوں جاری رہتاہے جس سے لوگوں کو اس راہ سے گذرنے میں اگرچہ کافی پریشانی ہوتی ہے مگر اب انہیں ایک عادت سی ہوگئی ہے ۔مسجد غفوریہ کے پاس  والی سڑک پرہمیشہ گندہ پانی بہتارہتاہے ، ڈرینج لائن ابلنے کی وجہ سے یہ راستہ اکثر و بیشتر کیچڑ زدہ رہتاہے ،اسی طرح وٹے پلی میں دیول کے پاس چڑھاؤ پر ،جہاں کچرے کی کنڈی بھی موجو د ہے ،ہمیشہ پا نی لیکیج ہوکر بہتا رہتا ہے اور لوگ اسے معمول کا مسئلہ سمجھ کر برداشت کرنے پر مجبور ہیں ۔ مقامی افراد کے بموجب اس حوالے سے متعلقہ محکمہ میں ہمیشہ شکایت کی جاتی ہے مگر متعلقہ مزدور بھی ہمیشہ کی طرح  جیسے تیسے کام کرکے چلتے بنتے ہیں نتیجہ یہ ہوتاہے ہفتہ دس دن بھی نہیں ہوتاہے کہ وہی مسئلہ پھر سے سر درد بن کرعوامی پریشانی کا سبب بنتا رہتاہے۔لوگوں نے بتا یا کہ متعلقہ حکام پہلے یہ عذر پیش کرتے تھے کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے بڑے پیمانے پر کام چل رہا ہے ،جگہ جگہ کھدائی ہورہی ہے اور ڈرینج لائن کی درستگی اورمرمت کا کام بھی ہورہا ہے اسلئے مستقبل میں اس طرح کے مسائل  بار بار پیش نہیں آئیں گے لیکن بیشتر علاقوںمیں تعمیری کا م ہوجانے کے باوجود پہلے ہی کی طرح ڈرینج لائن ابلنے اورسڑکوںپر گندہ پانی بہتے رہنے سے انکے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔مقامی افراد نے خاص کر مسجد غفوریہ کے مصلیوںنے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرینج لائن کے بہنے کاکوئی مستقل حل نکال کر عوام کو راحت پہنچائے ۔