جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کمیونسٹ قائدین کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : سی پی آئی کی مرکزی قیادت کے ساتھ تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد نے ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت ، فرقہ پرستی اور قیمتوں میں اضافہ سے عوامی تشویش کو محسوس کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر سیکولرازم کی بقاء اور اعتدال پسندی کی جانب حکومتوں کو لانے تحریک قومی سطح سے حیدرآباد سطح تک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس ضمن میں سی پی آئی کے سابق رکن راجیہ سبھا و رکن قومی عاملہ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ دانستہ طور پر ملک کو فاشزم کی طرف لیجایا جارہا ہے جس کے خلاف ملک گیر سطح پر عوامی تحریک وقت کی ضرورت ہے ۔ شری سی وینکٹ ریڈی نے بھی تلنگانہ سطح پر قومی تشویش کو اجاگر کرنے مختلف پروگراموں کو لازم قرار دیا ۔ ڈاکٹر ڈی سدھاکر سکریٹری گریٹر حیدرآباد نے کہا کہ مودی سرکار کے وجود میں آئے 120 دن ہورہے ہیں لیکن تیزی سے فرقہ پرستوں کے عزائم بلند ہوتے جارہے ہیں ۔ قیمتوں میں اضافہ غریبوں کے لیے جینا دوبھر ہوگیا ہے ۔ ان حالات میں ملک خارجی اور داخلی سطح پر ایک عظیم بحران سے گذر رہا ہے ۔ ایسے میں بلالحاظ مذہب و ملت شہریوں کا یہ فریضہ بن جاتا ہے کہ وہ مختلف ریاستوں کے انتخابات میں فرقہ پرستوں کو شکست دے کر ان کے ناپاک عزائم کو کچل کر رکھدیں ، تنظیم انصاف کے صدر میر احمد علی جنرل سکریٹری منیر پٹیل سکریٹری سید حمید الدین احمد محمود کے علاوہ جناب سید علی الدین احمد اسد اور جناب محمد یعقوب ارشد نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں فرقہ پرست جماعتوں افراد کی جانب سے سرکاری محکمہ جات کے افسروں کو اپنے تابع کرنے کی ناپاک کوششوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ خواتین پر مظالم پر مرکزی حکومت خاموش تماشائی کا رول ادا کررہی ہے ۔