فاشزم کیخلاف امن پسند طاقتوں کو متحد ہونے کا مشورہ

تنظیم کل ہند امن و یکجہتی کا جشن ، جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔10مئی(سیاست نیوز) سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا نے ہندوستان میں فاشزم کے بڑھتے خطرے سے نمٹنے کے لئے امن پسند طاقتوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا۔ آج یہاں تنظیم کل ہند امن ویکجہتی کے زیر اہتمام فاشزم کے خلاف کامیابی کے 70 سالہ جشن کے ضمن میںمنعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ ستر سال کا طویل عرصہ گذ رنے کے باوجود ہندوستان اور دیگر ممالک میںفاشزم کا خطرہ آج بھی منڈلا رہا ہے جس سے مقابلہ کرنے کے لئے امن پسندطاقتوں کو چوکنا اور متحد رہنے کی ضرورت ہے۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ مرکز میںمودی حکومت کے اقتدار میںآنے کے بعد سرمایہ داروں کوفراہم کی جانے والی خصوصی مراعات کے سبب ہندوستان میں بھی فاشزم تیزی کے ساتھ پھیلنے کے خدشات میںاضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح سوویت یونین کی عوام نے جان ومال کی پرواہ کئے بغیرفاشزم کے خلاف جدوجہد کی ہے اسی طرح ہندوستان اور دیگر ممالک کی عوام کو فاشزم کے خلاف متحدہونے کی ضـرورت ہے۔ ڈاکٹر سدھاکر‘ تروپتی یادیہ ‘ ٹی پربھاکر‘ راج شیکھر کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاشزم کے خلاف جدوجہد کی ستر سالہ کامیابی کا جشن میں حصہ لیا۔ محترمہ شبانہ یاسمین کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میںآیا۔