نیویارک ۔ یکم / اگست (سیاست ڈاٹ کام) کاروبار اور آمدنی کے اعتبار سے دنیا کے 500 بڑے کارپوریشنس اور تجارتی اداروں کی تازہ ترین فارچون فہرست میں ہندوستان کی سات کمپنیاں بھی شامل ہیں ۔ ان ہندوستانی کمپنیوں میں سرکاری ادارہ انڈین آئیل کارپور یشن بدستور سرفہرست ہے اور جبکہ ریلائینس انڈسٹریز لمیٹیڈ نے اونچی چھلانگ لگاتے ہوئے 53 درجات بلندی پر پہونچ گیا ۔ کاروبار میں اضافہ کے اعتبار سے خوردہ فروشی کا عالمی ادارہ والمارٹ سرفہرست رہا ۔ انڈین آئیل کارپور یشن (آئی او سی) اپنے کاروبار میں 23 فیصد اضافہ پر 65.9 ارب امریکی ڈالر کے ساتھ اس فہرست میں 137 ویں مقام پر پہونچ گیا ہے جو گزشتہ سال فارچون کی فہرست میں 168 ویں مقام پر تھا ۔ دولت مند ترین ہندوستانی مکیش امبانی کی زیرقیادت ریلائینس انڈیا لمیٹیڈ اپنے ملک کی سرفہرست خانگی کمپنی رہی جو گزشتہ سال کے 203 ویں مقام سے ایک غیر معمولی طور پر اونچی چھلانگ لگاتے ہوئے 148 ویں مقام پر پہونچ گئی ہے ۔ 2017-18 ء میں اس کا کاروبار 62.3 ارب امریکی ڈالر رہا ۔ تیل و قدرتی گیس کمیشن (او این جی سی ) 47.5 ارب ڈالر کی آمدنی کے رینکنگ کی فہرست میں واپسی آگئی اور 197 واں مقام حاصل کرلیا ۔ 2017 ء میں یہ اس فہرست میں شامل نہیں ہوسکی تھی ۔ ٹاٹا موٹرس نے گزشتہ سال کی رینکنگ 247 میں قدرے بہتری کے ساتھ 232 پر پہونچ گئی ۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) 47.55 ارب کے کاروبار کے ساتھ 216 واں مقام حاصل ہوا جو گزشتہ سال 217 ویں مقام پر تھی ۔ راجیش ایکسپورٹس اس فہرست میں ساتویں ہندوستانی کمپنی رہی ۔ اگرچہ اس کی رینکنگ گزشتہ سال کے 295 ویں مقام سے گھٹ کر اس سال 405 ویں مقام پر پہونچ گئی ۔ مکیش امبانی کی ریلائینس انڈسٹریز لمیٹیڈ اس فہرست میں سب سے زیادہ منافع حاصل کرنے والی ہندوستانی کمپنی رہی ۔ انتہائی منافع حاصل کرنے والی کمپنیوں کی عالمی فہرست اس کو 99 واں مقام حاصل ہوا اور امریکی سافٹ ویر کمپنی ایپل سرفہرست رہی ۔ تین چینی اداروں اسٹیٹ گرڈ ، سائینوپک گروپ اور چائینا نیشنل پٹرولیم کارپوریشن (سی این پی سی ) اس عالمی فہرست کی 10 سرکردہ کمپنیوں میں دوسرا ، تیسرا اور چوتھا مقام حاصل ہوا ہے ۔