نئی دہلی 19 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی 1993 سلسلہ وار بم دھماکوں کے سرگرم سازشی فاروق ٹکلا نے 2011 میںمشتاق محمد میاں کی فرضی شناخت پر ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کیا تھا ۔ سی بی آئی نے یہ بات بتائی ۔ سی بی آئی نے ٹاڈا عدالت میں پیش کردہ چارچ شیٹ میں بتایا کہ یہ پاسپورٹ دوبئی میںہندوستانی قونصلیٹ نے جاری کیا تھا اور اسے جب 8 مارچ 2018 کو ہندوستان لایا گیا اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تو یہ پاسپورٹ حاصل کرلیا گیا ۔ایجنسی نے الزام عائد کیا کہ محمد فاروق یسین منصور عرف فاروق ٹکلا 1993 میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد دوبئی فرار ہوگیا تھا ۔ ان دھماکوں میں 257 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ فاروق ‘ داود ابراہیم کا قریبی ساتھی بھی تھا ۔ فاروق دوبئی میں مشتاق محمد میاں کی فرضی شناخت کے تحت زندگی گذار رہا تھا ۔ اس کے قبضہ سے جو پاسپورٹ ضبط کیا گیا وہ 8 فبروری 2011 کو دوبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ نے جاری کیا تھا ۔ سی بی آئی نے بمبئی ( موجودہ ممبئی ) پولیس سے 19 نومبر 1993 کو دھماکوںکے مقدمہ کی تحقیقات سنبھالی تھیں۔ پولیس نے 4 نومبر 1993 کو چارچ شیٹ پیش کی تھی جس میںٹکلا کو بھی ملزم بنایا گیا تھا ۔
اس کا نمبر 196 تھا اور وہ 44 مفرور ملزمین میں شامل تھا ۔ تحقیقات سنبھالنے کے بعد سی بی آئی نے فاروق کے خلاف 1995 میں ریڈ کارنر نوٹس جاری کروائی تھی ۔