فاروق عبداللہ نے ایل پی جی سبسیڈی کیلئے درخواست دی

سری نگر 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر فاروق عبداللہ اِن دنوں تنازعہ کا شکار ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں ایل پی جی سبسیڈی کے لئے درخواست دی تھی۔ ان کے حریفوں نے انھیں شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ کشمیر کی اپوزیشن پارٹی نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے نان آدھار کی بنیاد پر ایل پی جی سبسیڈی کے لئے فارم داخل کیا ہے۔ اس سال 14 اگسٹ کو ایچ پی گیس کے ڈسٹری بیوٹر کے پاس یہ درخواست داخل کی گئی۔ حکمراں پی ڈی پی کے ترجمان وحید الرحمن نے فاروق عبداللہ کی ایل پی جی سبسیڈی حاصل کرنے کی کوشش پر تنقید کی اور کہاکہ کثیر دولت رکھنے کے باوجود فاروق عبداللہ سبسیڈی کے خواہاں ہیں۔ وہ خود کو شہزادہ سمجھتے ہیں اور ان کی فیملی اس ریاست کی راجہ سمجھتی ہے۔