حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ نوٹ برائے ووٹ اسکام کے سلسلہ میں چندرا بابو نائیڈو کی آواز سے متعلق آڈیو ٹیپ کی جانچ فارنسک لیب میں جاری ہے، آندھرا پردیش حکومت نے فارنسک لیب کے سابق عہدیدار کو مشیر مقرر کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فارنسک لیب میں اعلیٰ عہدہ پر فائز رہے عہدیدار کے پی سی گاندھی کو آندھرا پردیش حکومت کا مشیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں جلد ہی احکامات جاری کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائیوں سے بچنے کیلئے آندھرا پردیش حکومت یہ اقدام کررہی ہے ۔ فارنسک کے اس ماہر کے ذریعہ فارنسک لیب کی رپورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ مسٹر گاندھی فارنسک لیب کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے طویل عرصہ تک خدمات انجام دے چکے ہیں اور وظیفہ پرسبکدوشی کے بعد انہوں نے اپنا ایک علحدہ خانگی لیاب تیار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ گاندھی تلنگانہ فارنسک لیب کی جانب سے آڈیو ٹیپ کے سلسلہ میں پیش کی جانے والی رپورٹ کی نگرانی کریں گے۔ اگر فارنسک لیب کی رپورٹ حکومت کے خلاف آتی ہے تو وہ اس سے نمٹنے کیلئے آندھرا پردیش حکومت کو صلاح دے سکتے ہیں۔