فارما ڈی کے طلباء کی غیرمعینہ بھوک ہڑتال کا آغاز

ملازمتیں فراہم کرنے پر زور، حکومت کے طرزعمل کے خلاف احتجاج
حیدرآباد ۔ 24 فروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں فارما ڈی طلباء کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر کھمم میں فارما ڈی کے طلباء نے غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ فارما ڈی کورس مکمل کرنے والے طلباء نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ کی یکسوئی بالخصوص فارما ڈی کامیاب امیدواروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے مطالبہ پر گذشتہ 23 یوم سے سلسلہ وار زنجیری بھوک ہڑتال کررہے ہیں اور اس 23 روزہ بھوک ہڑتال کے باوجود حکومت کی جانب سے انہیں نظرانداز کئے جانے کے خلاف سلسلہ وار زنجیری بھوک ہڑتال کو روک کر غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ہے۔ بھوک ہڑتال طلباء کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ فارمیسی کونسل آف انڈیا کی جانب سے شروع کردہ ڈاکٹر آف فارمیسی (فارما ڈی) کورس مکمل کرنے والے امیدواروں کو حکومت ملازمتیں فراہم کرنے سے گریز کررہی ہے اور حکومت کے اس طرزعمل کے خلاف طلباء نے سخت احتجاج کرتے ہوئے گذشتہ 23 یوم سے سلسلہ وار بھوک ہڑتال کررہے تھے لیکن حکومت کے اس مسئلہ پر کسی ردعمل کا اظہار نہ کئے جانے کے باعث گذشتہ دن سے فارما ڈی کے کئی امیدواروں نے اپنی غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ہے۔ اسی دوران ریاستی سکریٹری سی پی آئی ایم مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے ریاست میں فارما ڈی طلباء (امیدواروں) کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں کلینیکل فارماسسٹس کی حیثیت سے تسلیم کرکے فی الفور ملازمتیں فراہم کرنے کا حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ فارما ڈی امیدوار گذشتہ 23 یوم سے ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اس صورتحال کے پیش نظر مسٹر ڈی سیتارام نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ایک مکتوب تحریر کرکے روانہ کیا اور اس مکتوب میں چیف منسٹر کو مشورہ دیا گیا کہ کیرالا اور مہاراشٹرا حکومتوں کے خطوط پر فارما ڈی کورس مکمل کرنے والے طلباء کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ فارما ڈی طلباء کی جانب سے شروع کی گئی غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر کھمم ورکنگ جرنلسٹس یونین نے اپنی خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فی الفور دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔