اردو یونیورسٹی میں فارسی کی 3 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اختتام
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیور سٹی، شعبۂ فارسی اور انجمن استادان فارسی کے زیر اہتمام سہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا 21؍ ستمبر کو اختتام عمل میں آیا۔ اختتامی جلسہ کی صدارت ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد، نائب شیخ الجامعہ نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں فارسی کو روزگار سے مربوط کرنے پر زور دیا۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رحیم الدین کمال، ایڈیٹر روزنامہ انڈین ہورائزن نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور اس طرح کے کانفرنسوں کو فارسی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر جناب علی محمد موذنی، صدر شعبۂ فارسی تہران یونیورسٹی (ایران) ، پروفیسر طاہر علی سرپرست انجمن استادانِ فارسی، پروفیسر آذر می دخت صفوی، صدر انجمن، پروفیسر اختر مہدی، جوائنٹ سکریٹری، انجمن، نے بھی مخاطب کیا۔ مہمان اساتذہ میں پروفیسر عارف ایوبی، لکھنؤ اور پروفیسر مظہر صدیقی، ممبئی نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ آخر میں پروفیسر عزیز بانو، صدر شعبۂ فارسی ، مانو و آرگنائزنگ سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔ 19 تا 21؍ ستمبر 2014ء منعقد ہوئے اس سہ روزہ بین الاقوامی سمینار کا پہلا ادبی اجلاس 19 ؍ ستمبر کو منعقد ہوا جس کی صدارت پروفیسر حافظ محمد طاہر علی نے کی۔ اس اجلاس میں پروفیسر علی محمد موـذنی، ڈاکٹر انور حسن، پٹنہ، ڈاکٹر سید ساجد مبین، دہلی، ڈاکٹر محمد احتشام الدین، علی گڑھ، ڈاکٹر آزاد حسین، علی گڑھ، ڈاکٹر اخلاق آہن، دہلی ، ڈاکٹر عتیق الرحمن ، بنگال نے مقالے پیش کیے۔ 20؍ ستمبر کی صبح دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پروفیسر علی محمد موذنی نے کی۔ اس اجلاس میں پروفیسر بلقیس فاطمہ حسینی، دہلی، ڈاکٹر مظہر عالم صدیقی، ممبئی، ڈاکٹر صالحہ مسعود، الہ آباد، ڈاکٹر محمد آفتاب عالم، بہار، ڈاکٹر محمد نظیر احمد خاں، بہار نے مقالے پیش کیے۔ دوپہر میں تیسرا اجلاس پروفیسر سید انور حسین زاہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر معراج الحق، دہلی، ڈاکٹر احمد سعید، دہلی، ڈاکٹر فخر عالم، دہلی، ڈاکٹر توصیف خاں، علی گڑھ، ڈاکٹر بلال احمد، دہلی نے مقالے پیش کیے۔ چوتھے ادبی اجلاس کی صدارت پروفیسر بلقیس فاطمہ حسینی نے کی۔ اس اجلاس میں پروفیسر اعراق رضا زیدی، دہلی ، ڈاکٹر عبدالحلیم، دہلی، ڈاکٹر کلیم اصغر، دہلی، ڈاکٹر سیدہ عصمت جہاں، مانو ، ڈاکٹر منصور عالم، بنگال، ڈاکٹر شاہد نوخیز، مانو ، ڈاکٹر غلام نبی ، لکھنؤ، ڈاکٹر قیصر احمد، مانو اور سید عبدالمہیمن قادری لاوبالی، حیدرآباد نے مقالے پیش کیے۔ پانچواں ادبی اجلاس پروفیسر عزیز بانو اور پروفیسر اعراق رضا زیدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں شعبۂ فارسی، مانو کے اسکالرس شفیق احمد، مقصود حسین شاہ، اختر حسین شاہ اور کنیز فاطمہ نے اپنے مقالے پیش کیے۔ چھٹا ادبی اجلاس پروفیسر مظہر عالم صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں شعبۂ فارسی، مانو کے اسکالرس سید تحسین علی اور تحسین سلطانہ وغیرہ نے اپنے مقالے پیش کیے۔ اس کانفرنس میں طب کے متعلق کئی پرمغز مقالے پیش کیے گئے۔ اور اس بات پر زور دیا گیا کہ طب کی طرح دیگر علوم و فنون میں فارسی کے جو گراں قدر آثار ہیں ان کو منظر عام پر لایا جائے اور استفادہ کیا جائے۔ اس کانفرنس کے انتظامات میں شعبۂ فارسی، مانو کے اساتذہ اور اسکالرس نے سرگرم حصہ لیا۔