فائر بریگیڈ کو گرین چیانل کے ذریعہ گذرنے کا موقع

حیدرآباد ۔ 20۔ مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں فائر بریگیڈ کو گرین چیانل کے ذریعہ گزرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ٹرافک پولیس حیدرآباد و سائبرآباد نے عہدیداروںکو اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ فائر بریگیڈس کو ہنگامی خدمت کی انجام دہی کیلئے فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنا ہوتا ہے اسی لئے ٹرافک کو روکتے ہوئے فائر بریگیڈ کیلئے راستہ فراہم کیا جائے۔ محکمہ فائر کے عہدیداروں کی جانب سے محکمہ داخلہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی گئی تھی کہ فائر بریگیڈ کو گرین چیانل کے راستہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں چونکہ اگر کہیں آتشزنی یا کوئی حادثہ پیش آتاہے تو ایسی صورت میں سب سے پہلے آتش فرو عملہ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن شہر کی سڑکوں پر ٹرافک جام بالخصوص مصروف ترین اوقات میں بے ہنگم ٹرافک کے باعث صورتحال ابتر رہتی ہے اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے میں تاخیر کے سبب جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ داخلہ نے محکمہ فائر کی جانب سے موصولہ اس مکتوب کو حیدرآباد و سکندرآباد ٹرافک پولیس کو روانہ کرتے ہوئے اس پر اقدامات کی خواہش کی تھی جس پر حیدرآباد و سائبر آباد ٹرافک پولیس نے فی الفور اقدامات کرتے ہوئے جو منصوبہ تیار کیا ہے ، اس کے مطابق فائر بریگیڈ کو ٹرافک روک کر راستہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ منصوبہ کے مطابق جب کبھی فائر بریگیڈ کو ہنگامی صورتحال کی اطلاع موصول ہوگی تو فائر بریگیڈ اپنی روانگی کے ساتھ اپنا راستہ اور جائے حادثہ کی تفصیل کنٹرول روم کو واقف کروا دیگا جس پر مذکورہ راستے پر موجود پولیس کا عملہ ٹرافک کو روکتے ہوئے فائر بریگیڈ کیلئے راہ ہموار کرے گا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں فی الحال 25 فائر بریگیڈ موجود ہیں جن کی آمد و رفت کیلئے شہر کی سڑکیں بہتر ہیں لیکن بے ہنگم ٹرافک کے باعث مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ٹرافک کو روکتے ہوئے فائر بریگیڈس کو گرین چیانلس فراہم کئے جائیں۔