فائرنگ کا واقعہ : اقبال کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ

بارہ بنکی ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک ڈسٹرکٹ کورٹ نے اقبال محمد جو ریاستی منصوبہ بندی کمیشن کے سابق رکن ہیں، اور دو دیگر افراد کے خلاف ایک ٹول پلازہ میں فائرنگ کے واقعہ کے سلسلے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ یہ وارنٹ گزشتہ روز اقبال کے علاوہ عادل عابدی اور سمر بہادر سنگھ کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ستیہ دیو گپتا نے جاری کرتے ہوئے 25 جون اگلی سماعت کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اسٹیٹ پلاننگ کمیشن کے سابق رکن اقبال جو ریاستی وزیر کا درجہ رکھتے ہیں ، وہ اور اُن کے چار معاونین کی 8 جون 2015ء کو ٹول پلازہ کے ملازمین کے ساتھ جھڑپ ہوگئی تھی اور اُنھوں نے فائرنگ بھی کردی ۔ اقبال ، عادل اور سمر تو واقعہ کے فوری بعد وہاں سے چلے گئے لیکن اُن کے ڈرائیور رضوان اور ایک خانگی بندوق بردار جوگیندر کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا ۔ مابعد تحقیقات پولیس نے اُن کی گاڑی بھی ضبط کرلی ، جس کے مناسب دستاویزات نہیں پائے گئے ۔