غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال کی تردید : مسز روجا

حکمران تلگو دیشم پر خواتین کی توہین کا الزام ، رکن اسمبلی وائی ایس آر سی پی کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی مسز روجا نے اسمبلی میں غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے کی تردید کرتے ہوئے حکمران تلگو دیشم پر خواتین کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج آندھرا پردیش اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے مسز روجا نے کہا کہ انہوں نے ریاستی وزیر مسز پی سجاتا کے خلاف پہلے کچھ نہیں کہا ہے ۔ وزیر نے ان کے خلاف شخصی تنقید کی ہے ۔ جس کے جواب میں انہوں نے وزیر پر تنقید کی ہے ۔ اسمبلی کی ویڈیو کلپنگ موجود ہے ۔ اس کا جائزہ لیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی نے قومی ترانہ کی توہین کی اسمبلی کے بنچوں پر چڑھ گئے ۔ گورنر کے خطبہ کی کاپیاں پھاڑ کر ان پر پھینکی گئی ہیں ۔ انہیں صرف اسمبلی سے معطل کیا گیا ہے ۔ اسپیکر تلنگانہ نے اس کی ویڈیو کلپنگ کو پوشیدہ رکھا ہے ۔ منظر عام پر نہیں لایا ہے ۔ آندھرا پردیش کے اسپیکر اسمبلی ویڈیو کلپنگ کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوگئے صرف یکطرفہ ویڈیو کلپنگ کو منظر عام پر لاتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی نیک نامی کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ مسز روجا نے کہا کہ وہ دلتوں کا احترام کرتی ہیں ۔ سیاسی انتقام کے طور پر ان کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ عائد کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔تاہم وہ اس سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی اسمبلی کے لیے نئے ہوسکتے ہیں مگر عوامی مسائل نئے نہیں ہیں ۔ اسمبلی میں اپوزیشن کو عوامی مسائل اٹھانے سے روکنا جمہوریت کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ مسز روجا نے کہا کہ وہ اداکارہ ہیں ان کی توہین کرنا بانی تلگو دیشم آنجہانی این ٹی آر اور فلم ایکٹر بالاکرشنا کی توہین کرنے کے برابر ہے ۔ تلگو دیشم کے بجائے دوسری نئی جماعت تشکیل دیتے ہوئے مقابلہ کرنے کا چندرا بابو نائیڈو کو چیلنج کیا ۔ کارپوریٹ کی حیثیت سے بھی نہ جیتنے کا ادعا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی صدارت والی تلگو دیشم پارٹی این ٹی آر اصول والی تلگو دیشم پارٹی سے انحراف کرچکی ہے ۔ مسز روجا نے کہا کہ ماضی میں سریش ریڈی اور این منوہر جیسے بھی اسپیکرس گذرے ہیں ۔ انہوں نے غیر جانبداری سے کام کیا ہے تاہم مسٹر کوڈیلا شیوا پرساد تلگو دیشم ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں ۔۔