غیر موسمی بارش سے بلدیہ خواب غفلت میں، سڑکیں جھیل میں تبدیل

حیدرآباد 12 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں جاری غیر موسمی بارش نے شہر کی سڑکوں کی حالت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی مستعدی کی قلعی کھول دی ہے۔ گزشتہ شب ہوئی ہلکی و تیز رفتار بارش نے شہر کی سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا ایمرجنسی عملہ جوکہ اِس طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے مستعدی کا دعویٰ کرتا ہے، اتوار کی دوپہر تک بھی چوکسی اختیار کرتا نظر نہیں آیا جس کے سبب شہر کی کئی اہم سڑکیں بشمول سوماجی گوڑہ، معظم جاہی مارکٹ چوراہا، لکڑی کا پُل، خیر یت آباد ، چارمینار بس اسٹانڈ کے علاوہ سائبرآباد کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع دیکھا گیا جس سے شہریوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ آج دن میں بھی ہلکی اور تیز بارش کے باوجود بلدی عملہ کو خواب غفلت میں دیکھا گیا۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب بلدیہ کا ایمرجنسی عملہ اتوار کی چھٹی کے سبب کام کرنے سے معذرت کررہا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایمرجنسی عملہ کو ہفتہ کے سات دن اور 24 گھنٹے مستعد رکھے جانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ دو یوم قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر حیدرآباد میں ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ موسم کی تبدیلی کی پیش قیاسی کردی گئی تھی لیکن اِس کے باوجود بلدی عہدیداروں کی لاپرواہی کے سبب کئی مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل دیکھی گئیں۔ سڑکوں کی اِس حالت کے سبب ٹریفک کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ سائبرآباد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس کو جھیل میں تبدیل شدہ سڑکوں پر ٹریفک پر معمول پر لانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر دن میں 2 بجے تک بھی چوراہے پر پانی جمع رہنے کے سبب ٹریفک نظم و ضبط میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ شہر کی اُن سڑکوں پر جہاں حیدرآباد میٹرو ریل کے تعمیراتی کام جاری رہنے کے باعث گڑھے کھودے گئے ہیں، اُن سڑکوں کی خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے چونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اِس طرح کی لاپرواہی اور پانی کی نکاسی کے عدم انتظامات سے خوفناک حادثات رونما ہوسکتے ہیں۔ بلدی عہدیداروں کی جانب سے پانی کی نکاسی کے فی الفور انتظامات نہ کئے جانے کے سبب اتوار کے روز شہر کی کئی سڑکوں پر عوام کو تکالیف کا سامنا کرتے دیکھا گیا۔