حیدرآباد۔7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے کہا کہ وہ غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے علحدہ وزارت برائے این آر آئیز کی قیام کی تجویز پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے ہندوستانی سفارت خانہ میں تلنگانہ حکومت کے نمائندے کے تقرر پر بھی غور کیا جائے گا۔ جناب محمود علی جو ان دنوں جدہ میں ہے، سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے غیر مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے انہیں کی گئی نمائندگیوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک میں مقیم ، غیر مقیم ہندوستانی کئی ایک مسائل کا شکار ہیں اور حکومت کی بروقت مداخلت نہ ہونے کے سبب انہیں مسائل کی یکسوئی میں دشواری پیش آرہی ہے۔
لہذا جدہ ، ریاض میں حکومت تلنگانہ کے نمائندہ کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا ۔ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کریں گے۔ جناب محمود علی جنہوں نے اپنی شریک حیات کے ساتھ فریضہ حج کی تکمیل کرلی ہے۔ جدہ میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے منعقدہ پروگراموں میں شرکت کے بعد 11 اکتوبر کی صبح حیدرآباد پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ وزارت کے قیام سے این آر آئیز کے مسائل بڑی حد تک حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے حج کے سلسلہ میں انڈین حج مشن کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ ایام حج کے دوران جناب محمود علی نے ہندوستانی حجاج کے کیمپس کا معائنہ کرتے ہوئے مسائل دریافت کئے ۔
انہوں نے حکومت سعودی عرب کو تجویز پیش کی کہ ایام حج کے دوران رہنمائی کیلئے مقرر کئے جانے والینٹرس کو انگریزی سے واقفیت کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ کسی بھی ملک کے حجاج کی وہ بہتر طور پر رہنمائی کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ جدہ کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انڈین ایمبسی اسکولس کی شاخوں کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے بات چیت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ریاض میں ایمبسی اسکول موجود ہے جبکہ دیگر بڑے شہروں میں مقیم ہندوستانی اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آر آئیز نے حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف ان کی اراضیات اور مکانات کے تحفظ کے بارے میں نمائندگی کی۔ اکثر لوگوں کی شکایت ہے کہ غیر مجاز طور پر قبضے کے ذریعہ انہیں پریشان کیا جارہا ہے۔ جناب محمود علی نے تجویز پیش کی کہ این آر آئیز وطن سے واپسی سے قبل اس اراضی کو حکومت کی تحویل میں دیدیں تاکہ اس کا تحفظ ہوسکے ۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے کسی مرکزی مقام پر این آر آئیز کالونی کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے جس میں تین درجوں پر مشتمل مکانات ہوں گے ۔ کم آمدنی والے افراد بھی اقساط میں رقم ادا کرتے ہوئے مکان حاصل کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے عہدیداروں سے بھی ان کی بات چیت ہوئی ہے اور تلنگانہ میں بینک اپنی سرگرمیوں کے آغاز میں دلچسپی رکھتا ہے۔ مکہ مکرمہ میں موجود حیدرآبادی رباط کے تنازعہ کی یکسوئی کے اقدامات سے واقف کراتے ہوئے جناب محمود علی نے کہا کہ کونسل جنرل جدہ اور کونسل حج کے ساتھ وہ ناظر رباط اور دیگر متعلقہ فریقین کا اجلاس طلب کر رہے ہیں تاکہ رباط میں حیدرآبادی عازمین کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ منہدم کی گئی رباط کے معاوضہ کو حاصل کرنے کے بجائے اس رقم سے نئی عمارت خریدنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس عمارت پر حج کمیٹی کا کنٹرول رہے اور ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی کے اشتراک سے عازمین حج کا انتخاب کیا جائے۔