غیر مقیم ہندوستانیوں کی ابتر صورتحال سے ملک میں معاشی بحران ممکن

امریکہ اور خلیج سے پانچ لاکھ نوجوانوں کی ملک واپسی کی تیاریاں
حیدرآباد۔3جنوری(سیاست نیوز) ملک کی معیشت کو سہارا دینے والے غیر مقیم ہندستانیوں بالخصوص امریکہ اور خلیج میں رہنے والوں کی ابتر ہورہی حالت ملک کے معاشی حالات کو تباہ کر سکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے H1B ویزا قوانین میں ترمیم کے فیصلہ سے امریکہ میں رہنے والے لاکھوں نوجوان متاثر ہوں گے اور ایک اطلاع کے مطابق 5لاکھ نوجوانوں نے ملک واپسی کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں جو بہت جلد واپس ہوجائیں گے۔ اسی طرح خلیجی ممالک میں اختیار کی گئی پالیسیوں کے سبب قریب 15لاکھ غیر مقیم ہندستانیوں کی ملک واپسی کا خطرہ پیدا ہوچکا ہے۔ اس طرح جاریہ سال کے دوران 18 لاکھ غیر مقیم ہندستانیوں کے ملک واپس ہونے کا خدشہ ہے۔ بتایاجاتاہے کہ H1Bویزا قوانین میں ترمیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مقامی نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے منصوبہ کی تیاری کے سبب امریکہ میں بیروزگار ہونے والے نوجوانوں نے ملک واپسی کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اسی طرح خلیجی ممالک میں روزگار حاصل کرتے ہوئے ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے والے 18لاکھ کے قریب ملازمین جو سعودی عرب‘ بحرین‘ دبئی کے علاوہ دیگر ممالک میں خدمات انجام دینے والوں کے روزگار بھی خطرہ میں ہیں کیونکہ سعودی عرب میں خواتین کو لائسنس کی اجرائی کے سبب سعودی عرب میں گھریلو ڈرائیور کی خدمات انجام دینے والوں کے روزگار سے محروم ہونے کا خدشہ ہے اور اس کے علاوہ یکم جنوری سے عائد کی جانے والی فیس کے علاوہ ویاٹ کے سبب خلیجی ممالک کے آجرین نے اخراجات میں تخفیف کے نام پر بیرون ملک ملازمین کو ترک ملازمت کرنے کا مشورہ دینا شروع کردیا ہے۔ 18لاکھ غیر مقیم ہندستانیوں کی ملک واپسی کے بعد ان سے اب تک معیشت کو حاصل ہونے والا استحکام متزلزل ہوسکتا ہے اوراس کے علاوہ ان کی ملک واپسی کے بعد انہیں روزگار کی فراہمی بھی بہت بڑا مسئلہ بن سکتی ہے ۔ امریکہ سے واپس ہونے والے نوجوان جو کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہیں ان کیلئے ملک میں ان کے معیار کے مطابق ملازمتوں کا حصول مشکل ہوجائے گا اور اس کے علاوہ جو نوجوان خلیجی ممالک سے واپس ہونے والے ہیں ان کیلئے بھی روزگار کے حصول میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں اورانہیں تجارت کی طرف متوجہ ہونا پڑے گا۔ ہندستان کی معیشت میں بیرونی زر مبادلہ کے ذریعہ ہونے والی آمدنی انتہائی اہمیت کی حاصل ہوا کرتی تھی اس کے متاثر ہونے سے ملک کی معیشت کو بھی بڑا جھٹکا لگنے کے خدشات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔