غیر مقیم ہندوستانیوں کو حق رائے دہی کی حمایت

ملک کی ترقی میں این آر آئیز کا اہم تعاون ، کانگریس قائد آر سی کنٹیا
حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز)تارکین وطن کے ووٹ کا استعمال ‘ انتخابات میں خلیج میں مقیم ہندوستانیوں کا اثر کے عنوان پر منعقدہ ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کل ہند کانگریس کمیٹی کے سکریٹری رام چندر کنٹیا نے دفاعی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے طرز پر غیر مقیم ہندوستانیوں کو حق رائے دہی فراہم کرنے کی حمایت کی ۔ آج یہاں ہوٹل سندھیا لکڑی کا پل میں ’ایمگرنٹس ویلفیرفورم ‘ کے زہر اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کنٹیا نے کہاکہ ملک کی ترقی میں غیرمقیم ہندوستان کا اہم تعاون ہے ۔ جہاں تک رائے دہی کے حق کا سوال ہے تو اس طرح کے ریفارمس درکار ہیںجس کے ذریعہ غیر مقیم ہندوستانیوں بالخصوص خلیجی ممالک میںرہنے والے ہندوستانیوں کو حق رائے دہی فراہم کیاجاسکے۔انہوں نے فورم کو بھروسہ دلایا کہ اس خصوص میں جو بھی قرارداد فورم منظور کریگا اس کو کانگریس پارٹی کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔مسٹرکنٹیا نے کہاکہ انتخابی دھاندلیوں میں غیرمقیم ہندوستانیوں کے ووٹ کااستعمال سب سے سنگین مسئلہ ہے اس کی روک تھام کے لئے الیکشن کمیشن کو موثر اقدامات اٹھانے چاہئے۔ ڈاکٹر بی ایم ونود کمار نے غیرمقیم ہندوستانیوں کو حق رائے دہی سے جوڑنے کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میں ہندوستانی خلیجی ممالک میںبر سرروزگار ہیں۔ انتخابات کے موقع پر عام طور پر وہ بیرونی ممالک میںہونے کی وجہہ سے اپنے ووٹ کا استعمال نہیں کرسکتے۔ انہو ںنے تجویز پیش کی کہ الیکشن کمیشن ای پولنگ کے ذریعہ کم سے کم ایسے رائے دہندوں کو حق رائے دہی فراہم کرے تاکہ وہ اپنی پسند کے امیدوار کے حق میںووٹ کا استعمال کرسکیں۔ دیگر مندوبین میں مسٹرایم بھیم ریڈی‘ این دیویندر ریڈی‘ اشیم رائے‘ جنا ب رفیق عزیز ( کیرالا)‘ سسٹر لیسے‘ ڈاکٹر راگھو‘ پروفیسر اے ستیانارائنہ‘ جی سریش ریڈی‘ پی بسنت ریڈی‘ اوپاسانا ( دبئی) ہیمنت ( عمان)‘ شریمتی شانتی پریہ ( ملیشیا) نے بھی اپنے اظہار خیال میں غیرمقیم ہندوستانیو ں کے لئے حق رائے دہی کی فراہمی کو ضروری قراردیا۔ مذکورہ افراد نے پوسٹل بیالٹ کے بجائے ای پولنگ کی سہولت کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت میں الیکشن کسی تہوار سے کم نہیںہے اور اس میں تمام ہندوستانیوں کے ساتھ ملک کر جمہوری ملک کے اس تہوار میںشرکت کا غیر مقیم ہندوستانیوں کو بھی پورا حق حاصل ہے۔ عام طور پر یہ دیکھنے کو ملا ہے کہ غیرمقیم ہندوستانیوں کا ووٹ ان کی غیر موجودگی کے باوجود استعمال کرلیاجاتا ہے‘ جس کی روک تھام الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔گول میز کانفرنس میںشریک مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے غیر مقیم ہندوستانی تنظیمو ںکی فلاح وبہبود کے لئے سرگرم عمل قائدین نے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میں غیرمقیم ہندوستانیوں کے ووٹ کے غیرقانونی طریقے سے استعمال کو الیکشن کمیشن روکنے میںپوری طرح ناکام ہے اور سیاسی جماعتیں اس کا بھر پور فائد ہ بھی اٹھارہی ہیں۔