غیر مسلموں میں دعوت دین کا خوبصورت انداز

نمائش میدان اجنتہ گیٹ کے پاس تین داعیان اسلام دعوت دین میں مصروف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( نمائندہ خصوصی) : عالم انسانیت خاص کر برادران وطن کو اسلامی تعلیمات سے بہرہ ور کرانا اور انہیں دین کی دعوت پیش کرنا ایسا مقدس فریضہ ہے جس میں سکون ہی سکون اور اطمینا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صنعتی نمائش کی مشہور گیٹ ، اجنتہ گیٹ کے باہر متلاشیان حق کے درمیان قرآن مجید کے نسخے اور سیرت رسول ؐ کی کتابیں مفت تقسیم کررہے بابا محی الدین ، حامد حسامی ، سید اشتیاق نے کیا ۔ یہ افراد انگریزی اور تلگو زبان پر غیر معمولی عبور رکھتے ہیں ۔ ہم نے دیکھا کہ وہ نمائش کے باہر ایک میز پر قرآن مجید کے نسخے اور سیرت کی کتابیں رکھے ہوئے ہیں اور عقب میں ایک بورڈ بھی لگا ہوا ہے جس پر انگریزی اور تلگو میں لکھا ہوا ہے کہ قرآن مجید اور پیغمبر اسلام ؐکی سیرت مبارکہ کے بارے میں پڑھنے کے خواہاں افراد قرآن مجید اور سیرت کی کتب مفت حاصل کرسکتے ہیں ۔ ہم نے دیکھا کہ غیر مسلم مرد و خواتین اور طلبا وطالبات یہاں پر آتے اور مذکورہ افراد سے 10 ، 15 منٹ اسلام کے حوالے سے گفتگو کرتے اور پھر قرآن مجید کا نسخہ ان سے حاصل کرتے ہیں ۔ ساتھ ہی اپنے رجسٹر میں ان افراد کے نام پتے اور پیشے درج کرلیا جاتا ہے ۔ مذکورہ صاحبین نے بتایا کہ یہ مقدس کتابیں انہی افراد کو دی جاتی ہیں جو ان مقدس کتابوں کو پڑھنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے روزانہ 40 تا 50 نسخے اور سیرت طیبہ کی کتابیں ہمارے غیر مسلم بھائی حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی ذات سے امید ہے کہ وہ ان غیر مسلم بھائیوں کے ذہن و قلوب کو حق کی روشنی سے منور کردے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پچھلے چار پانچ برسوں کے دوران زائد از پانچ تا 6 ہزار غیر مسلم بھائی اور بہنوں نے اسلام اور پیغمبر اسلام کے بارے میں بات چیت کی اور قرآن پاک ، سیرت رسول ؐ کے نسخے حاصل کئے ۔ اس موقع پر ہم نے چند غیر مسلموں سے بھی بات چیت کی تو انہوں نے بتایا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ قرآن پاک ہم جیسے لوگوں کو بھی دیا جاسکتا ہے اور ہم لوگ بھی اس مقدس کتاب کو پڑھ سکتے ہیں ۔ ایک صاحب نے کہا کہ عرصہ دراز سے انہیں اس بات کی خواہش تھی کہ وہ قرآن پاک پڑھیں اور اسلام اور صاحب اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کریں ۔ مگر ایسا کوئی مناسب موقع میسر نہیں آیا تھا ۔ آج انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ اتنی آسانی کے ساتھ انہیں قرآن پاک اور سیرت پاک کی کتابیں حاصل ہوگئیں جو تلگو زبان میں ہونے سے بآسانی مطالعہ کرسکیں گے ۔ بہر حال ضرورت اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے انجام دئیے جانے والے اس اہم ترین دعوتی کام کو مزید وسیع پیمانے پر انجام دیا جائے تاکہ اسلام اور اہل اسلام کے تئیں برادران وطن میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے ۔۔