غیر محسوب اثاثہ جات پر جگن کو جئے للیتا سے زیادہ سزا ملنا یقینی

ملک کی سیاست میں تاریخی فیصلہ ثابت ہوگا، پی کیشو تلگودیشم رکن اسمبلی کا ادعا

حیدرآباد 28 ستمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم کے سینئر قائد سابق رکن اسمبلی مسٹر پی کیشو نے کہاکہ بدعنوانیوں میں ملوث رہنے والے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر جگن موہن ریڈی کو غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں جیہ للیتا سے زیادہ سزا ملے گی۔ تلگودیشم کے سینئر قائد نے کہاکہ قائد اپوزیشن آندھراپردیش مسٹر جگن موہن ریڈی نے اپنے والد ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے چیف منسٹر ہونے کا ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہوئے بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث ہوئے۔ جن کے خلاف غیر محسوب اثاثہ جات کا مقدمہ چل رہا ہے۔ چیف منسٹر جیہ للیتا پر صرف 66 کروڑ روپئے کی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا صرف ایک چارج شیٹ پر ہی عدالت نے اُنھیں 4 سال کی سزا اور 100 کروڑ روپئے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ جگن موہن ریڈی کے خلاف ابھی تک 11 چارج شیٹس داخل کی گئی ہیں اور ان پر 44 ہزار کروڑروپئے کی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ ان چارج شیٹس اور الزامات کی روشنی میں جیہ للیتا سے زیادہ جگن موہن ریڈی کو سزا ملنا یقینی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عدلیہ کی جانب سے جیہ للیتا کو سزا سنانے کے بعد اب جگن موہن ریڈی کو راتیں جاگ جاگ کر گزارنا پڑے گا کیونکہ اب انھیں نیند آنے والی نہیں ہے۔ یہاں سے انھیں ڈر و خوف سے زندگی گزارنی پڑے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ بدعنوانیوں میں ملوث ہونے والوں کی اب خیر نہیں ہے۔ عدالت نے پھر ایک بار انصاف کیا ہے اور بدعنوانیوں میں ملوث ہونے والوں کو جیہ للیتا کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے انتباہ دیا۔ مسٹر پی کیشو نے کہاکہ یہ فیصلہ ملک کی سیاست میں تاریخی اور مثالی فیصلہ ثابت ہوگا۔