حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سرکاری اراضیات پر کئے گئے قبضوں کو باقاعدہ بنانے کے مقصد سے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد کے نرملا نے بتایا کہ غیر مجاز تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کیلئے حکومت نے جی او نمبر 59جاری کیا تھا اور درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 28فبروری مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اور جو قابضین اپنی جائیدادوں کو باقاعدہ بنانے کے خواہاں ہیں وہ مقررہ تاریخ سے قبل متعلقہ تحصیلدار دفتر میں درخواست داخل کریں۔
حیدرآباد ایرپورٹ پر سیفٹی میکانزم کا امریکی ٹیم جائزہ لے گی
نئی دہلی۔/25فبروری، ( پی ٹی آئی) حکومت نے امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن ( ڈی او ٹی ) کی ٹیم کو جی ایم آر کی جانب سے چلائے جارہے حیدرآباد ایر پورٹ پر سیفٹی میکانزم کے سلسلہ میں دورہ کی اجازت دے دی۔ اس وقت ایر انڈیا واحد کمپنی ہے جو حیدرآباد سے براہ دہلی امریکہ چلائی جاتی ہے اور اس کے مسافرین کو امریکہ جانے سے قبل دونوں ایر پورٹس پر سیکورٹی مراحل سے گذرنا ہوتا ہے۔ اگر امریکی ڈی او ٹی ٹیم حیدرآباد ایرپورٹ پر سیکورٹی میکانزم کو منظوری دے تو مسافرین کو دہلی ایرپورٹ پر دوبارہ چیکنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے امریکی ٹیم کو حیدرآباد ایر پورٹ پر سیفٹی اُمور کا جائزہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔