غیر مجاز ریلوے کراسنگ پر حادثہ

نواڈہ ۔ 16 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : بہار کے ضلع نوڈا میں ایک غیر مجاز کراسنگ پر آج ہوڑا ۔ گیا ایکسپریس سے کار کے ٹکرانے کے باعث 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ سب ڈیویژنل آفیسر راجیش کمار نے بتایا کہ اس حادثہ میں 4 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جب کہ ایک شخص سرکاری ہاسپٹل میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا ۔ کار میں سوار یہ لوگ صفی گنج سے ایک شادی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ ٹرین کے انجن سے ان کی گاڑی ٹکرا گئی ۔ جب کہ ٹرین کی آمد سے لا علم کار ڈرائیور کراسنگ عبور کرنے کی کوشش میں تھا ۔ چیف منسٹر جیش رام سانجھی نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2.5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ تاہم ریلوے کا یہ کہنا ہے کہ چونکہ یہ کراسنگ غیر مجاز تھی ۔ جس کو عبور کرنے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا لہذا ریلوے کوئی معاوضہ ( ایکس گریشیا ) ادا نہیں کرے گا ۔ حادثہ کا مقام پٹنہ سے 55 کلومیٹر دور واقع ہے ۔ جو کہ ایسٹرن سنٹرل ریلوے کے دھنپور ڈیویژن میں آتا ہے ۔ ایڈیشنل ڈیویژنل ریلوے مینجر بپن کمار سنگھ نے بتایا کہ ریلوے پٹریوں سے تباہ شدہ کار کو ہٹانے ریلوے عملہ پہنچ گیا ہے لیکن مقامی لوگوں کے احتجاج سے تاخیر ہورہی ہے ۔ یہ لوگ ریلوے کی جانب سے معاوضہ کی ادائیگی کے مطالبہ پر احتجاج کررہے ہیں۔۔