غیر مجاز بیانرس و ہورڈنگس کو نکال دیا جائے

جی ایچ ایم سی کو ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن نے شہر میں لگائے گئے تمام غیر مجاز بیانرس اور ہورڈنگس کو فوری طور پر نکالنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جی ایچ ایم سی کو جاری کردہ ہدایات میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ شہر میں جہاں کہیں سیاسی جماعتوں کے غیر مجاز ہورڈنگس، بیانرس، فلیکس اور پوسٹرس لگائے گئے ہیں اُنھیں فوری ہٹادیا جائے۔ گزشتہ یوم مسٹر وی ناگی ریڈی ریاستی الیکشن کمشنر نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایت دی۔ انھوں نے بتایا کہ نہ صرف عہدیدار بلکہ سنجیدہ شہری اور تنظیمیں بھی صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انھوں نے مجوزہ بلدی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کو یقینی بنانے کے لئے شہریوں بالخصوص رائے دہندوں میں شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے شہر میں لگائے گئے غیر مجاز بیانرس، پوسٹرس، ہورڈنگس کو ہٹانے کے سلسلہ میں آج جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا اور اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کس طرح سیاسی جماعتوں کے ہورڈنگس اور بیانرس کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے ہورڈنگس، بیانرس اور پوسٹرس کو نکالنے کے لئے بلدیہ کے صفائی عملہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور اندرون دو یوم تمام غیر مجاز بیانرس، ہورڈنگس کو ہٹانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔