تمام زونس میں ٹاون پلاننگ کا عملہ متحرک ، قواعد کی خلاف ورزیوں پر بھی عہدیداروں کی نظر
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) شہر میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کاروائی کا آغاز کیا گیا ہے اور جی ایچ ایم سی نے اضافی فلور اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی جانے والی تعمیرات کو منہدم کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور کی جانب سے احکامات کی اجرائی اور شہر میں جاری تعمیرات کا باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت کے فوری بعد شہر کے تمام زونس میں ٹاؤن پلاننگ عملہ متحرک ہوچکا ہے اور بڑے پیمانے پر کاروائی شروع کرتے ہوئے ایسی زیر تعمیر عمارتوں کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ بغیر اجازت کی جا رہی ہیں یا پھر اجازت نامہ کے حصول کے بعد قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سلسلہ تعمیر جاری رکھا گیا ہے۔جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز تعمیرات کے سلسلہ میں شہری راست جی ایچ ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر پر شکایت کرسکتے ہیں اور ان کی اس شکایت کے بعد متعلقہ عہدیداروں کو فوری کاروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کاروائی کے متعلق شکایت کنندہ کو واقف کروانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے شہر حیدرآباد میں غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت اور ان کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے متعلق رپورٹ طلب کئے جانے کے فوری بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شروع کی گئی اس کاروائی پر کہا جارہا ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران سختی سے عمل کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈرس اور مکان مالکین کے خلاف جی ایچ ایم سی کی جانب سے نہ صرف انہدامی کاروائی کی جائے گی بلکہ فوجداری مقدمات کے اندراج سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ آج شروع کی گئی اس مہم کے دوران دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر آج 21 عمارتوں کو جزوی طور پر منہدم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے طور پر اجازت نامہ کے حصول کے لئے کوشش کرلیں یاپھر غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کے اقدامات کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران جن عمارتوں کے خلاف کاروائی کی جانی ہے اس کی تفصیلات بھی عہدیداروں کو روانہ کردی گئی ہیں اور انہدامی کاروائی میں جی ایچ ایم سی کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے علاوہ ہنگامی حالات میں خدمات کی انجام دہی کے لئے تشکیل دئے گئے اسکواڈ کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔