غیر قانونی نل کنکشنس کو فوری برخواست کرنے کی ہدایت

آئندہ ماہ 15 تاریخ تک کی مہلت ۔ مینیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس دانا کشور کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : غیر قانونی نل کنکشنس کی برخاستگی کو یقینی بنانے میٹرو واٹر بورڈ ایم ڈی دانا کشور نے عہدیداران کو حکم دیا ہے میٹرو واٹر بورڈ ویجلنس ٹیم کی جانب سے غیر قانونی نل کنکشنس کی برخاستگی کیلئے گزشتہ دنوں چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران 9 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ایم ڈی دانا کشور نے ڈیویژنس کے عہدیداران کو حکم دیا کہ گھریلو استعمال کیلئے نل کنکشنس سے لے کر تجارتی اغراض کے تحت استعمال کرنے والوں کی آئندہ 15 تاریخ تک شناخت کی جائے اور متعلقہ مقامات کے منیجرس کو انتباہ دیا کہ 15 ستمبر کے بعد ویجلنس ٹیموں کی تلاشی مہم میں غیر قانونی نل کنکشنس دریافت ہونے کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ دانا کشور نے ویجلنس عہدیداران کو حکم دیا کہ غیر قانونی نل کنکشنس کی فراہمی میں اگر میٹرو واٹر بورڈ کے ملازمین کی ملی بھگت واضح ہو تو ملازمین کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں ۔ دانا کشور نے میٹرو واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر واقع خیریت آباد میں غیر قانونی نل کنکشنس ، ریونیو اور موصولہ شکایات کی یکسوئی سے متعلق مشاورتی اجلاس منعقد کیا اور حکم دیا کہ غیر قانونی نل کنکشنس والوں کی شناخت کرکے انکے خلاف مقدمات درج کئے جائیں ۔ واضح ہو کہ شہر کی آبادی میں 85 فیصد عوام میٹرو واٹر بورڈ کی جانب سے فراہم کیا جانے والا پانی پینے استعمال کرتے ہیں ۔ اس کا انکشاف وظیفہ یاب آئی اے ایس آفیسر پرشانت اوماپتی کی جانب سے کئے گئے سروے سے ہوا ہے ۔ دانا کشور نے محکمہ ریونیو میٹرو واٹر بورڈ کے عہدیداران کو حکم دیا کہ نل کنکشنس کو 100 فیصد قانونی بنا کر بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے اور جس معاملہ میں بار بار شکایات موصول ہوتی ہوں ان کی جلد یکسوئی کی جائے اور منیجرس باقاعدہ دورہ کرکے مسائل حل کریں۔ اجلاس میں ڈائرکٹرس ڈاکٹر پی ایس سوریہ نارائنا ، اجمیر کرشنا ، پی روی ، جی وجئے کمار ریڈی ، ایم بی پروین کمار کے علاوہ او اینڈ ایم سی جی ایم ، جی ایم ڈی جی ایم ، جی ایم ، ڈی ایم اور ڈی جی ایم شریک تھے ۔